وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ 

  وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ 

  

       پشاور(سٹی رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود اور میئر میٹروپولیٹن پشاور حاجی زبیر علی نے  پشاور کے مضافاتی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں وفاقی حکومت کی جانب سے ہر قسم کے فوری تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر میئر پشاور حاجی زبیر علی، سابق ضلع ناظم حاجی غلام علی، سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی،ممبر این ایچ اے مرشد امین، این ایچ اے کے اعلیٰ حکام،ڈی سی پشاور سمیت علاقہ مشران بھی ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود اور میئر پشاور نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے نقصان کا فوراً ازالہ کیا جائے۔ سیلاب سے متاثرہ قومی شاہراہوں کو بحال کیا جائے۔میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے تعاون سے سیلاب زدگان کے جتنے نقصانات ہوئے ہیں ان کا ازالہ کیا جائے گا۔ میئر پشاور نے موقع پر ضلعی انتظامیہ کو بھی احکامات جاری کیے۔ میئر کا کہنا تھا کہ سیلاب سے سڑکیں گھر، چھتیں، پول، گلی کوچوں کے جتنے نقصانات ہوئے ہیں ان شاء اللّٰہ آج سے کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پشاور اور اسکے ملحقہ علاقوں میں عوام کو سیلاب کی تباہکاریوں سے جو نقصانات ہوئے اس دکھ اور درد میں وہ ان کے ساتھ برابر شریک ہیں اور ان کی مکمل مدد کی جائیگی۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر حاجی غلام علی اور میئر پشاور حاجی زبیر علی کا  بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں خوشی ہوئی کہ منتخب مئیر صبح سے شام تک متاثرہ علاقوں میں نہ صرف موجود رہے اور عوام کی دادرسی کی بلکہ اس حوالے سے وہ ان کے ساتھ بھی مکمل رابطے میں رہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو اکیلا نہیں چھوڑیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -