وزیر اعظم کا دورہ بلوچستان ،  سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا ءکو 24 گھنٹے میں معاوضہ دینے کا حکم

وزیر اعظم کا دورہ بلوچستان ،  سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا ءکو 24 گھنٹے میں ...
وزیر اعظم کا دورہ بلوچستان ،  سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا ءکو 24 گھنٹے میں معاوضہ دینے کا حکم

  

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ صوبے بلوچستان کے ایک روزہ دورے پر موجود ہیں ، وزیر اعظم نے  سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء  کو معاوضہ  24 گھنٹے میں ادا کرنے کا حکم دیدیا۔

وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر سیلاب کی تباہی سے متاثرہ بلوچستان کے دورے پر ہیں ، کوئٹہ ایئر پورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزراء نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء مریم اورنگزیب ، سردار اسرار ترین ، مولانا عبدالواسع ، نوابزادہ شاہ زین بگٹی ، محمد ہاشم ، ایم این اے صلاح الدین ایوبی اور این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل  اختر نواز  بھی تھے ۔

 وزیر اعظم نے  جزوی یا مکمل تباہ ہونے والے مکانات کے معاوضے کو  بڑھا کر 5 لاکھ کردیا ہے  ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا قومی المیہ ہے کہ ڈیموں کی بروقت تعمیر پر توجہ نہیں دی گئی، موجودہ چیلنج بہت بڑا ہے مگر  ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں  بیٹھیں گے ،  انہوں نے مزید کہا کہ بحالی اور امداد کیلئے پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے    صوبائی انتظامیہ اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی  کی کوششیں لائق تحسین ہیں  ، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ  سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا جال پھیلایا جائے۔

وزیرِ اعظم  نے کہا کہ غیر معمولی بارشوں سے وسیع پیمانے پر نقصان ہوئے ،  قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کےساتھ انفراسٹکرکچر تباہ ہوا ، وفاق اور بلوچستان حکومت قومی جذبے سے بحالی اور آبادکاری کیلئے پرعزم ہیں ،جب تک  آخری گھر  آباد نہیں ہوتا حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی ،  وزیرِ اعظم نے مقامی اور بین الاقوامی تنطیموں سے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے حکومت کی معاونت کی اپیل کی ۔ 

چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور چیئرمین این ڈی ایم اے  لیفٹینٹ جنرل اختر نواز نے بریفنگ میں تفصیلات  بتاتے ہوئے کہا کہ 13 جون  کو بارشوں کا پری مون سون سسلسلہ شروع ہوا ،  تیس سال کی اوسط  کے مقابلے  بلوچستان میں تقریباً 500 فیصد زیادہ  بارش ہوئی ، بریفنگ میں مزید  بتایا گیا کہ اب تک بلوچستان میں اموات کی کل تعداد 136 ہے  جبکہ 70 افراد زخمی ہیں ۔ 100  لوگ معمولی زخمی ہوئے جنہیں فرسٹ ایڈ دی گئیں ۔ 2 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی ۔ 20 ہزار 500  لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔موٹروے  ایم 8 اور کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بڑی حد تک بحال کردی گئی ہیں ۔ 

خیال رہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی پانی کے باعث ہر طرف تباہی کا منظر ہے ، 136 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ پانی سینکڑوں مکانات نگل چکا ہے ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -