' آرمی چیف کی مداخلت سیاستدانوں کی ناکامی ہے،پرویز الہی کو دعوت دیتا ہوں اپنی رہائش گاہ آجائیں، چوہدری شجاعت حسین کی اہم پریس کانفرنس

' آرمی چیف کی مداخلت سیاستدانوں کی ناکامی ہے،پرویز الہی کو دعوت دیتا ہوں اپنی ...
' آرمی چیف کی مداخلت سیاستدانوں کی ناکامی ہے،پرویز الہی کو دعوت دیتا ہوں اپنی رہائش گاہ آجائیں، چوہدری شجاعت حسین کی اہم پریس کانفرنس

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ معاشی معاملات میں آرمی چیف کی مداخلت سیاستدانوں کی ناکامی ہے۔ انہوں نے اپنے چچازاد بھائی و وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ پرویز الٰہی کو دعوت دیتاہوں اپنی رہائش گاہ آجائیں ، اپنی رہائش گاہ پر ایک طرف میرا کمرہ ہے دوسری طرف پرویز الٰہی کا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ معیشت کی صورت حال یہاں تک پہنچی ہے اس کے قصور وار صرف اور صرف سیاستدان ہیں، معیشت پر آرمی چیف کی بجائے سیاستدانوں کو بات کرنا چاہیے تھی، بات چیت کا عمل سیاستدانوں نے شروع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سچ بولنا گناہ بنتا جارہا ہے، غلیظ گالیاں دی جاتی ہیں، سچی زبان کو استعمال کرنا چاہیے، میرے بیٹوں کے متعلق بات کی گئی اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بیٹوں نے ہر موقع پر مجھ سے پوچھ کر کام کیا اور مجھے اپنے بیٹوں پر فخر ہے۔

لیگی صدر کا کہنا تھاکہ الزامات لگانے والوں کی اپنی حیثیت نہیں، عمران خان سے میرے بیٹوں کی ملاقات کا کہا جارہاہے۔چوہدری شجاعت کا کہنا تھاکہ سیاستدانوں پر الزامات لگائے جارہے، معیشت کی تباہی کا الزام سیاستدانوں پر لگایاجارہاہے، سارے الزامات سیاستدانوں پر لگ رہے ہیں، آرمی چیف کو کیوں مداخلت کرنی پڑی؟ سیاستدانوں کا قصور ہے جس کی وجہ سے آرمی چیف کو مداخلت کرنی پڑی۔

سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ سابق صدر خود میرے گھر تشریف لائے، ہم اللہ کے کرم سے سر خرو ہو گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ق لیگ کہاں سے ٹوٹی ہے، کوئی نہیں ٹوٹی، ہوش کے ناخن لیں، اپنے خاندان اور گھر کا مذاق نہ بنائیں، انہوں نے پارٹی اور خاندان کو تقسیم کرنے کی سازش کی ہے۔

مزید :

قومی -