کرپٹو کرنسی لینڈنگ کمپنی ’سیلسیئس نیٹ ورک‘ کریش، صارفین زندگی کی جمع پونجی  سے ہاتھ دھوبیٹھے

کرپٹو کرنسی لینڈنگ کمپنی ’سیلسیئس نیٹ ورک‘ کریش، صارفین زندگی کی جمع پونجی ...
کرپٹو کرنسی لینڈنگ کمپنی ’سیلسیئس نیٹ ورک‘ کریش، صارفین زندگی کی جمع پونجی  سے ہاتھ دھوبیٹھے

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کرپٹو کرنسی لینڈنگ کمپنی ’سیلسیئس نیٹ ورک‘ کے کریش کر جانے سے کسٹمرز کی زندگی کی جمع پونجی لٹ گئی۔ ڈیلی ڈان کے مطابق اس کمپنی کے دیوالیہ ہو جانے سے آئر لینڈ کے ایک شخص کا پورا فارم خطرے میں پڑ گیا ہے جبکہ ایک امریکی شخص کا کہنا ہے کہ اس کا سرمایہ ڈوبنے کی وجہ سے اس کے ذہن میں خودکشی کے خیالات آ رہے ہیں۔ ایک 84سالہ بیوہ خاتون اس کمپنی کے کریش کر جانے سے اپنی عمر بھر کی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔
یہ کمپنی اربوں ڈالر مالیت کے اثاثوں کی حامل تھی تاہم کرپٹو کرنسیوں کی قیمت میں تیزی سے کمی آنے اور دیگر کئی عوامل کے باعث یہ دیوالیہ ہو گئی۔ جو امریکی جج اس کمپنی کو دیوالیہ قرار دیئے جانے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں، انہیں مختلف ممالک کے خطوط موصول ہو رہے ہیں جن میں اس کمپنی کے متاثرین اپنی تکلیف سے جج کو آگاہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سیلسیئس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر الیکس ماشنسکی نے اپنی کمپنی کو کرپٹو کرنسیاں ڈیپازٹ کرانے کے لیے محفوظ ترین پلیٹ فارم بتایا تھا اور کہا تھا کہ ان کی کمپنی کرپٹو کرنسی ڈیپازٹ پر سب سے زیادہ شرح سود بھی دیتی ہے۔ کمپنی لوگوں کی طرف سے ڈیپازٹ کرائی گئی کرپٹو کرنسیوں کو آگے ادھار دیتی اور سرمایہ کاری میں لگا دیتی تھی۔تاہم جب سے کرپٹو کرنسیوں کی قدر میں کمی آنی شروع ہوئی، اس کمپنی کی ویلیو بھی کم ہونے لگی اور بالآخر اس کا دیوالیہ نکل گیا۔کمپنی کے ذمہ اپنے کسٹمرز کے 4 ارب 70کروڑ ڈالر واجب الادا ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال نومبر کے بعد سے اب تک بٹ کوائن کی قیمت میں 60فیصد کمی واقع آ چکی ہے۔