وزیر اعظم بھارت کے سامنے بھیگی بلی نہ بنیں ،شاہ اویس نورانی

وزیر اعظم بھارت کے سامنے بھیگی بلی نہ بنیں ،شاہ اویس نورانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماءپاکستان کے سینئر نائب صدر شاہ اویس نورانی نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دُشمن ہے وہ سیز فائر لائن پر دیوارِ برلن سے زیادہ مضبوط دیووار بنانے کی بات کررہا ہے آئے روز سیز فائر لائن کی خلاف ورزیاں کررہاہے ہمارے وزیراعظم بھارت کے سامنے بھیگی بلّی بنے ہوئے ہیں ۔تجارت، امن اور ویزہ پالیسی میں نرمی اور پسندیدہ ملک کا درجہ اِن سب لاحاصل مشقوں کا ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا ،اُنہوں نے کہا کہ نومنتخب آرمی چیف کا خاندان ایک محب وطن خاندان ہے اِ س خاندان نے پاکستان کی حفاظت کے لیے قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے اُمید کی جاسکتی ہے کہ نومنتخب آرمی چیف جمہوری حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کو مسائل سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں جب تک لاپتہ اَفراد کا معاملہ حل نہیں ہوتا،حکومت امریکی جنگ سے باہر نہیں آتی ملک میں امن ایک خواب ہے ،طالبان سے مذاکرات کے لیے اَزسرِ نو پلان ترتیب دیا جائے کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر کراچی کی روشنیاں دوبارہ بحال نہیں ہوسکتی۔اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعیت علماءپاکستان کراچی کے عہدیداروں کی تربیتی نشست سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ اویس نورانی نے کہا کہ JUP سندھ بھرمیں تمام ترتحفظات کے باوجود انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔جمعیت علماءپاکستان کے تمام عہدیدار اور ورکرز نظام مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے پرچم تلے بلدیاتی انتخابات میں ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر کے انتخابات میں حصہ لیں۔

مزید :

صفحہ آخر -