الیکشن تک پاکستان کے ساتھ بات چیت کھٹائی میں پڑگئی: بھارتی وزارت داخلہ

الیکشن تک پاکستان کے ساتھ بات چیت کھٹائی میں پڑگئی: بھارتی وزارت داخلہ
الیکشن تک پاکستان کے ساتھ بات چیت کھٹائی میں پڑگئی: بھارتی وزارت داخلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ بھارتی الیکشن تک پاکستان کے ساتھ بات چیت کھٹائی میں پڑ گئی ہے،پاکستان اعتماد سازی کے اقدامات میں سنجیدہ نہیں،وعدے کے باوجود ڈی جی ایم اوز کی ملاقات نہیں ہو رہی،بھارت نے ممبئی حملوں سے متعلق 15شواہد دیئے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی،ججوں کو تبدیل کر کے تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔بھارتی اخبار کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک آفیسر نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ملک میں پارلیمنٹ الیکشن مکمل ہونے تک پاک بھارت تعلقات کو مضبوط و مستحکم بنانے کا معاملہ فی الحال کٹھائی میں پڑ گیا ہے۔ نئی دہلی کو اس بات پر تشویش ہے کہ پاکستان ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنوں کے درمیان میٹنگ منعقد کرانے میں سنجیدہ نہیں ہیں حالانکہ نیویارک میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنوں کے درمیان میٹنگ منعقد کرانے کو ضروری سمجھا تھا تاکہ کنٹرول لائن اور بین الاقوامی کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی جو خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اسے روکا جاسکے۔ آفیسر نے کہاکہ پاکستان ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنوں کے درمیان میٹنگ منعقد کرانے میں سنجیدہ نہیں ہیں اگر اس طرح کی کوئی میٹنگ منعقد ہوتی تو اسے اعتماد سازی بحال ہونے میں مدد مل سکتی اور دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے سلسلے کو آگے بڑھایا جاسکتا تھا۔ وزارت داخلہ کے سینئر آفیسر نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے میں لیت و لعل کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور اب تک پاکستان کی و فاقی حکومت نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے کئی ججوں کو تبدیل کرکے تحقیقات کو مکمل کرنے میں جان بوجھ کر رکاوٹیں پیدا کیں حالانکہ بھارت کی جانب سے ممبئی حملوں میں ملوث افراد کے خلاف پاکستان کے جوڈیشری کمیشن کو پندرہ ثبوت فراہم کئے گئے ہیں۔ ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے سے نہ صرف بات چیت کو دھچکا لگ گیا ہے بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزارت داخلہ کے آفیسر نے اس بات کی تصدیق کی کہ بھارت میں پارلیمنٹ الیکشن کی مدت قریب آتی جا رہی ہے اور اس دوران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے معاملے کو فی الحال ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا گیا ہے اور اس بات کے بہت کم امکانات ہیں کہ بات چیت کا سلسلہ پارلیمنٹ الیکشن ختم ہونے تک شروع کی جاسکتی ہے۔ وزارت داخلہ کے آفیسر نے کہاکہ دسمبر اور مارچ کے مہینے میں ہی پاک بھارت عہدیدار مل سکتے ہیں۔