’’دولت اسلامی‘‘ کے مقابلے میں’’دولت مسیحی‘‘ کا ظہور
ریاض (اے پی پی) اس وقت جب دنیا شام اور عراق میں سرگرم انتہا پسند تنظیم دولت اسلامی "داعش" کے خونی پنجوں سے نمٹنے میں مصروف ہے ، مسیحی دنیا میں ایک نئی تنظیم ابھر رہی ہے جس نے بیلجیئم اور بالعْموم پوری دنیا کے مسلمانوں کا قلع قمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔عرب روزنامہ الحیات کے مطابق بیلجیئم کے سرکردہ مسلمان مذہبی رہنما اور 'اتادامون' نامی مسجد کے منتظم جمال حباشیش نے بتایا ہے کہ انہیں ڈاک کے ذریعے سے "دولت مسیحی" نامی تنظیم کا پیغام ملا ہے جس میں اس نے بیلجیئم کے مسلمانوں کو قتل کی دھمکی دی ہے۔دھمکی آمیز پیغام میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بیلجیئم میں موجود مسلمانوں کی تمام مساجد، تمام مسلمانوں اور ان کے کاروباری مراکز کو انتقام کا نشانہ بنایا جائے۔حباشیش کا کہنا ہے کہ "دولت مسیحی" نامی گروپ کی جانب سے بیلجیئم کی حکومت سے بھی پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف منظم انداز میں انتقامی کارروائیوں کا آغاز کرے۔بیلجیئم میں موجود مذہبی رہ نماء نے دھمکی آمیز پیغام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد ہی بیلجیئم کی حکومت کو آگاہ کریں گے اور مقامی مسلمانوں کو بھی اس حوالے سے متنبہ کیا جائے گا۔