ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر اشد ضروری ہے،میاں سلیم

ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر اشد ضروری ہے،میاں سلیم

  

لاہور(کامرس رپورٹر)انجمن تاجران لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں سلیم نے کہا ہے کہ ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر اشد ضروری ہے، کالا باغ ڈیم کے لئے تاجر برادری کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روزاپنے ایک بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ مہنگی ترین بجلی استعمال کرنے کے نہ تو عوام متحمل ہیں اور نہ ہی انڈسٹری ۔ان حالات میں صرف کالا باغ ڈیم ہی سستی ترین بجلی بنانے کا سودمند اور بہترین ذریعہ ہے جس پر ایک کثیر سرمایہ خرچ ہونے کے ساتھ ساتھ ابتدائی کا م بھی مکمل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار کے غیر سنجیدہ رویوں کے باعث ملک تیزی سے اندھیروں اورملکی معیشت بند ش کی جانب بڑھ رہی ہے،جبکہ دوسری جانب ملک میں بیروزگاری ، غربت اور افراط زر سمیت ملک و قوم پر غیرملکی قرضوں کابوجھ بھی بڑھتا چلا جا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر سیاسی مصلحتوں کو قومی و ملکی مفادات پر ترجیح دی جاتی رہی ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان کو متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے اپیل کرتے ہوئے میاں سلیم نے کہا ہے کہ وہ تمام صوبوں کے وزراء اعلی سمیت تمام سیاسی جماعتوں اورغیر سرکاری تنظیموں و سول سوسائٹی کے نمائندں پر مشتمل نیشنل کانفرنس بلائیں اور تمام تر مخالفتوں کو بالآئے طاق رکھتے ہوئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا اعلان کریں ہر محب وطن پاکستانی حکومت کے ساتھ ہے کیونکہ کالا باغ ڈیم ملک و قوم کا اثاثہ ہے جو نہ صرف پنجاب کیلئے بلکہ چاروں صوبوں کی آبی و توانائی کی ضرورت ہو پورا کرے گا۔جس کے باعث پاکستان کے چاروں صوبوں کے اندر خوشحالی و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -