جی سی یونیورسٹی کے طلباو طالبات نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کی ، گورنر پنجاب

جی سی یونیورسٹی کے طلباو طالبات نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کی ، گورنر ...

  

 فیصل آباد(بیورورپورٹ)گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ وہنر مند نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے لہذا وہ اپنے علم وتحقیق اورفنون کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی میں بھرپورکردار ادا کریں۔انہوں نے یہ بات جھنگ روڈ پر نیو کیمپس میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز،ارکان اسمبلی حاجی اکرم انصاری،بیگم خالدہ منصور،شیخ اعجازاحمد،حاجی خالد سعید،ڈاکٹرنجمہ افضل،سینڈیکیٹ کے ارکان،پروفیسرز، طلباء وطالبات اوروالدین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔گورنر پنجاب نے کہاکہ وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت مضبوط،مستحکم اورروشن پاکستان کی منزل کے حصول کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے دیگر شعبوں میں ہمہ جہت پالیسیوں پرعملدرآمد کرنے کے ساتھ ساتھ جدیداوروسیع تعلیمی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ قومی ترقی کا انحصار علمی ستونوں پر ہے۔انہوں نے ڈگری ہولڈرز سے کہا کہ وہ مختلف علوم پر دسترس حاصل کرکے ملک کی تعمیروترقی کے لئے میدان عمل میں آئیں تاکہ پاکستان کودرپیش چیلنجز کامقابلہ کرکے اسے عظیم فلاحی اور ترقی یافتہ ریاست بنایا جاسکے۔گورنر پنجاب نے مختلف شعبوں میں ڈگری حاصل کرنے والے طلباء وطالبات،ان کے اساتذہ اور بالخصوص والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابی کی دعا کی اور کہا کہ ان کے عباء فضیلت میں وطن ،والدین،معاشرے اور غریب آدبی کا بھی حصہ ہے جس کی قدر کرتے ہوئے وہ پروفیشنل زندگی کے دوران انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ عوامی خدمت کرنے والوں کانام ہمیشہ زندہ رہتا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔اس سلسلے میں ان کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے متعدد پروگرامز شروع کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جامعات میں اعلیٰ تعلیمی معیار اولین ترجیح ہونی چاہیے اس ضمن میں وائس چانسلرز پر بھاری ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ ادارہ میں زیرتعلیم طالب علموں کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک تیزرفتاری سے ترقی کی جانب گامزن ہے ،حکومتی کارکردگی پر تنقید کرنے والے معیشت کا پہیہ نہ روکیں بلکہ سیاست میں شرافت کو آگے لے کر آئیں اور کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کی جائے ۔اپوزیشن کی تعمیری تنقیدسے اصلاح کا پہلو نکلتا ہے جو کہ قومی مفاد میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاک اکنامک کاریڈور کے فوائد جلد سامنے آنا شروع ہو نگے جبکہ انرجی بحران اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکومت درست سمت گامزن ہے۔انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کامیابی کی طرف گامزن ہے اور کراچی کی رونقیں بحال ہوئی ہیں اس طرح قیام امن سے سرمایہ کاری اور صنعتکاری کو فروغ ملے گااورطالب علموں کی ڈگریاں کام آئیں گی۔گورنر پنجاب نے فیصل آباد کے مخیر کاروباری حضرات سے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں کی تعمیر وترقی میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ معاشرے کے تعاون کے بغیر مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی تاریخی حیثیت کا ذکرکرتے ہوئے جی سی یونیورسٹی کی اعلیٰ کارکردگی کی تعریف کی اور امیدظاہر کی کہ مستقبل میں بھی یہ یونیورسٹی تعلیمی ترقی کی منازل طے کرے گی ۔ وائس چانسلر پروفیسر محمد علی نے یونیورسٹی تعلیمی شعبے کی ترقی کے لئے اپنے مقاصد کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کی تعمیر وترقی کے منصوبوں اور نئے شروع کئے جانے والے پروگرامز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں 43مختلف شعبے اور6کلیات قائم ہیں جبکہ نیو کیمپس میں سولر سسٹم سے بجلی حاصل کی جارہی ہے اورمستقبل میں دو سو میگا واٹ کا پلانٹ لگانے کا ارادہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 8نئے گرلز ہاسٹلز زیر تعمیر ہیں جبکہ نیو کیمپس میں سڑکوں کاجال بچھایا جارہا ہے۔اڑھائی ہزارافراد کی گنجائش کاآڈیٹوریم زیرتعمیر ہے اور یونیورسٹی کا آئندہ کانووکیشن نئے آڈیٹوریم میں ہوگا۔

مزید :

علاقائی -