کاہنہ پولیس نے اسلحہ سے بھری دو گاڑیاں پکڑ لیں 5 ملزم گرفتار

کاہنہ پولیس نے اسلحہ سے بھری دو گاڑیاں پکڑ لیں 5 ملزم گرفتار

  

لا ہور (خبر نگا ر )ایس پی ماڈل ٹاؤن کیپٹن(ر)مستنصر فیروز نے کہا ہے کہ کاہنہ پولیس نے سراغ لگا کر علاقہ غیر سے سمگل شدہ بھاری مقدار میں اسلحہ کی بھری دوگاڑیوں سے اسلحہ برآمد کرکے 5ملزمان کو موقع سے گرفتار کرلیا ۔برآمد شدہ اسلحہ میں 30پسٹلز، 06رپیٹرز اور 16500گولیاں شامل ہیں۔ملزمان کو تھانہ کاہنہ کے علاقہ سے گرفتار کیا گیا جو پشاور سے غیر قانونی اسلحہ کی بھری دو گاڑیاں لوڈ کر کے لاہور سمگل کر رہے تھے جو کسی بھی دہشت گردی کی سرگرمی میں استعمال ہوسکتا تھا۔ تفصیلا ت کے مطا بق ڈی آ ئی جی آ پریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے اور خفیہ اطلاع کے مطابق معلوم ہوا کہ 5 نامعلوم ملزمان پشاور سے غیر قانونی اسلحہ کی بھری دوگاڑیاں لے کر لاہور میں داخل ہوئے ہیں جس پر ڈی ایس پی کاہنہ سرکل اقبال حسین شاہ اور ایس ایچ او کاہنہ میاں احسان اللہ سمیت پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے سراغ لگا کردوپہر کے وقت تھانہ کاہنہ کے علاقہ ڈیفنس روڈ سے اسلحہ کی بھری 2گاڑیاں پکڑ کر بھاری مقدار میں خطرناک اسلحہ برآمد کرلیا اور 5ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ملزمان میں ناصر محمود ،نعیم ،امیر سعید،ایم یوسف اور حاجی ارشاد شامل ہیں ۔ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ وہ دیگر صوبوں سے سمگل شدہ اسلحہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں فروخت کرتے تھے اور ملزمان نے مزیدمتعدد وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے ۔سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشز ڈاکٹرحیدر اشرف نے ایس پی ماڈل ٹاؤن آپریشنز کیپٹن (ر) مستنصر فیروزاورایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن فیصل مختار کو ان کی ٹیم کے ہمراہ شاباش دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔

مزید :

علاقائی -