اپنے سیارے کو تباہی سے بچانے کیلئے سنگ میل معاہدہ کریں ، اوبامہ

اپنے سیارے کو تباہی سے بچانے کیلئے سنگ میل معاہدہ کریں ، اوبامہ

  

 واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی صدر بارک اوبامہ نے عالمی لیڈروں کو گلوبل وارمنگ کے خاتمے کیلئے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے سیارے کو اگر تباہی سے بچانا ہے تو اس کے لئے انہییں ایک سنگ میل معاہدہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات پیرس میں اقوام متحدہ کی 21ویں سالانہ سربراہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ان کے بیان کے مطابق انہوں نے عالمی لیڈروں کو بتایا کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے وہ اس سلسلے میں اپنا کردار پوری طرح ادا کرنے کا عہدکرتے ہیں۔انہوں نے تسلیم کیا کہ امریکہ دنیا بھر سے گرین ہاؤس گیسز خارج کرنے والے دوسرا بڑا ملک ضرور ہے لیکن اب وہ اس اخراج کو کم کرنے کے لئے جامع پالیسیاں بنا رہا ہے اور عالمی سطح پر ہونے والے معاہدے سے دوسرے ممالک کی طرح امریکہ کو بھی سپورٹ ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ امریکہ اخراج کے حوالے سے اس ٹریک پر کامیابی سے چل رہا ہے جو اس نے کوپن ہیگن میں سے چھ سال قبل قائم کیا تھا۔ہمارا ٹارگٹ یہ ہے کہ 2005ء میں کا ربن کے اخراج کی جو سطح تھی ہم2020ء تک اس میں 17فیصد کمی لے کر آئیں گے اور آئندہ دس سال میں یہ کمی 26سے 28 فیصد تک بھی ہو سکتی ہے۔صدر اوبامہ نے کانفرنس کے ایک اور پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس کے انعقاد سے دہشت گردوں کو یہ پیغام بھی جائے گا کہ جس مقام پر دو ہفتے قبل انہوں نے دہشت گردی کی تھی وہاں پر عالمی لیڈر جمع ہوئے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ان دہشت گردوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -