ضرب عضب کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے ، شہباز شریف

ضرب عضب کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے ، شہباز شریف

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن میں برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیرمملکت خسرو بختیار‘ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنرسید ابن عباس اور کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی رائے طاہر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے برطانوی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے ہم سب نے مل کر عہدہ برآہ ہونا ہے۔ دہشت گردی چاہے کسی بھی شکل میں ہو پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عرصے سے دہشت گردی کا شکار چلا آ رہا ہے چنانچہ ہمیں فرانس سمیت تمام دنیا میں دہشت گردی کے نتیجے میں ضائع ہونے والی انسانی جانوں کا رنج اور احساس ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضرب عضب کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ تاہم اس سنگین مسئلے کے حل کے لئے بعض دوسرے سماجی اور معاشرتی اقدامات بھی اتنے ہی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا پرامن اور مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان بجاطور پر یہ توقع رکھتا ہے کہ برطانیہ افغانستان میں امن اور خطے کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے اس موقع پر کہا کہ برطانوی حکومت پنجاب میں دہشت گردی کے خاتمے کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت کو برطانیہ کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے لندن میں میٹرپولیٹن پولیس کمشنر سر برنارڈ ہوگان ہووی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی‘ سنگین جرائم اور سٹی پولیسنگ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو محفوظ بنانے کے لئے شب و روز کوشاں ہے اور اس ضمن میں جرائم اور دہشت گردی کے سدباب کے لئے ترقی یافتہ ممالک کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں دہشت گردی سے نپٹنے کے لئے خصوصی فورس کے قیام کے علاوہ نئی قانون سازی بھی کی ہے اور پرانے قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے عالمی تناظر میں دہشت گردی کے عفریت سے دنیا کا کوئی بھی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا۔ آج دہشت گردی کہیں بھی ہو دنیا کے ہر فرد کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان عوامل کا ازالہ بھی ضروری ہے جو اس کا باعث بنتے ہیں۔ چنانچہ حکومت پنجاب صوبے کے دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم عام کرنے اور زندگی کی دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے خصوصی مساعی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخی قربانیاں دی ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب طاہر رائے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران میٹروپولیٹن پولیس کمشنر سربرنارڈ ہوگان ہووی نے بتایا کہ دہشت گردی اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے پنجاب حکومت سے ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پنجاب حکومت اس مساعی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے ہمارے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عام آدمی کو بین الاقوامی معیار کی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کا عزم کر چکے ہیں۔ وہ یہاں لندن کے ٹرانسپورٹ سسٹم کی انتظامیہ کے ساتھ منعقد کئے گئے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ‘ چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان اور چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ عبدالباسط نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میٹروبس اور اورنج ٹرین کے ذریعے اس ہدف کے حصول کے لئے کام کا آغاز کر دیا ہے اور اس وقت لاکھوں افرادٹرانسپورٹ کے ان جدید‘ تیزرفتار اور محفوظ منصوبوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور وہ دن دور نہیں جب ہم ٹرانسپورٹ کے حوالے سے دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لندن اپنی ٹرانسپورٹ کے باعث دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتا ہے اور ہم لندن کی ٹرانسپورٹ انتظامیہ کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -