عوام نئے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیں ، عمران خان
سیالکوٹ (بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ عظیم لوگوں کا شہر ہے ۔ اقبال کے شاہین پانچ دسمبر کو بلے کے نشان پر مہر لگا کے تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں اور نئے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس روڈ جناح ہاؤس سیالکوٹ پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کاعزیز محسن لطیف این اے122کے الیکشن کے وقت اسی حلقہ سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن ہارگیاتو اس نے دھاندلی کا الزام لگادیا حالانکہ دھاندلی کا الزام تو تحریک انصاف بھی لگاتی رہی ہے ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت نے دھاندلی کے ذریعے شکست دینی ہے اورہم نے دھاندلی نہیں ہونے دینی ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ موٹر وے سمیت ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن کھائی جارہی ہے اور یہ حکمرانوں کا اصل ٹارگٹ ہے جنہیں نہ تو پاکستان سے دلچسپی ہے اور نہ ہی انہیں قوم کے مسائل حل کرنے سے دلچسپی ہے ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جس طرح قوم نے 2013کے انتخابات میں کرپٹ پی پی پی کو فارغ کیا تھا اسی طرح مسلم لیگ (ن) کو بھی آئندہ جنرل الیکشن میں فارغ کریں گے۔ دونوں پارٹیاں مک مکا کی پالیسی پر گامزن ہیں لیکن پی ٹی آئی کسی مک مکا میں شامل نہیں ہو گی۔ قبل ازیں عمران خان دیگر قائدین کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے وی آئی پی گراؤنڈ پہنچے جہاں سے ایک بڑے ٹرک پر سوار ہو کر ایک کارواں کی شکل میں پیرس روڈ آئے جہاں انہوں نے جناح ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے ورکرز سے خطاب کیا ۔وی آئی پی گراونڈ سے باہر نکلتے ہی پاکستان تحریک انصاف یونین کونسل بھڑتھ کے امیدوار برائے چئیرمین مرزا دلاور بیگ نے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے عمران خان اور دیگر قیادت کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ عمران خان کے ہمراہ علیم جاوید ، عمر سرفراز چیمہ ، عمر ڈار ، چوہدری امیر حسین ، عنصر فاروق چوہدری ، عثمان ڈار اور مرکزی قیادت بھی موجود تھی۔