مہاجر صوبے کے مخالفین کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی ،سلیم حیدر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کو حل کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوگئی ہیں۔ جس کی وجہ سے شہری علاقوں میں احساس محرومی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ وہ MIT کے مرکز کی جانب سے منعقدہ دعوت حلیم کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ دعوت حلیم میں بڑی تعدا دمیں مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں ، سماجی وتجارتی تنظیموں کے قائدین ، پارٹی کارکنان ، ادیبوں، دانشوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ جب تک چھوٹی قومیتوں کی شکایت کا ازالہ نہیں کیا جائیگا مسئلہ حل نہیں ہوگا، بلدیاتی انتخابات میں ایک بات واضح ہوگئی ہے کہ کراچی ، میرپورخاص اور حیدرآباد کا مہاجر مینڈیٹ تقسیم نہیں ہوا ہے اور مہاجر اب تقسیم ہونے کو بھی تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ بغیر مہاجر مسائل کا حل پیش کئے دھونس اور دھاندلی کے ذریعے کامیابی حاصل کرلے تو وہ اس کی بیوقوفی ہے اسے واضح مہاجر مسائل کا حل پیش کرنا ہوگا او رمہاجر مسئلہ کا حل مہاجر صوبے کا قیام ہے کیونکہ مہاجر اب صوبے سے کم پر کوئی بات کرنے کو تیا رنہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اب وہ قیادت جو مہاجر مسائل کا ادراک کرتی ہو اور محب وطن ہو اسے آگے لایا جائے ۔ شہر کے عوام پرامن ہیں اور وہ اب کسی کیلئے استعمال ہونے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر نواز شریف کیخلاف چلائی جانے والی تحریک میں کراچی کے عوام شامل ہوتے تو نواز شریف اب تک اقتدار میں نہیں ہوتے۔ ہم پاکستان کے سب سے بڑے وفادار ہیں ۔ پاکستان کو بچانے کی لڑائی میں سب سے آگے کھڑے ہوتے، ہم قومی دھارے میں ہیں اور قومی دھارے میں رہنا چاہتے ہیں لیکن کچھ قوتیں مہاجروں کو قومی دھارے سے نکال کر دیوار سے لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ مہاجروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور تیسرے درجے کی قیادت کے ذریعے مہاجروں کو چلانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کسی طورپر بھی کامیاب نہیں ہوگی۔ اب مہاجر باشعور ہوگئے ہیں اور 30 سال کی مسلسل جدوجہد کے بعد وہ یہ سمجھ چکے ہیں کہ انہیں کس طرح برسوں سے استعمال کیا جارہا ہے ۔