مسلم لیگ ن تیسرے مرحلے میں بھی ریکارڈ کامیابی حاصل کریگی، رانا لیاقت

مسلم لیگ ن تیسرے مرحلے میں بھی ریکارڈ کامیابی حاصل کریگی، رانا لیاقت

  

سیالکوٹ(بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی رانا لیاقت علی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور عوام میاں نواز شریف سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات میں پہلے اور دوسرے مرحلے کی طرح تیسرے مرحلے میں بھی ریکارڈ کامیابی حاصل کرے گی ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے مختلف کارنر میٹنگوں سے دوران خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے دانش مندانہ فیصلوں ، قائدانہ صلاحیتوں اور شبانہ روز مخلصانہ کاوشوں سے ملک ایک بار پھر ترقی کے راستوں پر گامزن ہو چکا ہے جس طرح وزیر اعظم پاکستان کے تمام صوبوں میں بلا تفریق پاکستان کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے پلان مرتب کیے ہیں ان کے ثمرات ملنا شروع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام کیلئے ایکسپریس وے کی تعمیر جیسا منصوبہ تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا ۔ سیالکوٹ کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ویژن اور منشور رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمہوریت میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف جیسے عوام کا درد دل رکھنے والے عظیم لیڈر بار با ر نہیں پیدا ہوتے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ پاکستانی سیاست میں میاں برادران جیسے ایماندار اور محب وطن لیڈ ران موجود ہیں۔ میاں محمد نواز شریف نے اپنے سابقہ دور اقتدار میں بھی موٹر وے کی تعمیر جیسے سینکڑوں میگا پراجیکٹ کو عملی جامعہ پہنانے، وصول چنگیوں کا خا تمہ، تاجروں ، کسانوں اور صنعتکاروں کیلئے کامیاب پالیسیوں سمیت مہنگائی کا قلع قمع کرنے کی خاطر بے مثال کارہائے نمایاں سر انجام دئیے ہیں ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -