دستیاب وسائل کے اندر رہ کر جدو جہد ناگریزیز ہے،انیسہ زیب
پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کی وزیر برائے محنت و معدنی ترقی انیسہ زیب طاہرخیلی نے پیر کے روز حطار اور فاروقیہ ضلع ہری پور میں لیبر کالونی ،سوشل سیکورٹی ڈسپنسری ،ورکنگ فوکس گرائمر سکول اور دیگر متعلقہ اداروں کا اچانک دورہ کیاجہاں انہوں نے فرائض کی انجام دہی ،اداروں کو درپیش مسائل اوردیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو سوشل سیکورٹی اداروں ،سکولوں اور ڈسپنسریز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر انیسہ زیب نے اداروں کے حالات سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو درپیش مسائل سنے اورانہیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے ڈیوٹی سے غیر حاضر اورغفلت کے مرتکب ملازمین کوسخت تنبیہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ سرکاری امور کی انجام دہی میں فرض شناسی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ محض فنڈزکی فراہمی سے حالات بہترنہیں ہوتے بلکہ اس کیلئے اخلاص کے ساتھ مشترکہ جدوجہد کویقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اداروں کو تبدیلی سے ہمکنارکرنا ہو گا۔اس موقع پر اساتذہ کی طرف سے تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق تحفظات کی اظہار پر انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں پیش رفت ہو رہی ہے،امید ہے کہ رواں ہفتے میں ہی تنخواہوں کامسئلہ حل ہوجائیگا۔انہوں نے متعلقہ ذمہ داران کو سرکاری اوقات کار کی پابندی کرنے اور ایمانداری سے فرائض انجان دینے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی وقت اورکسی بھی دن اچانک دورہ کر سکتی ہیں۔پیشہ ورانہ فرائض میں غفلت کا شکار پانے جانے والے افرادکے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا ۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر سوشل سیکورٹی ڈسپنسریز میں سٹاک رجسٹر بھی چیک کئے اور وہاں پر دستیاب ادویات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اداروں کو معیاری ادویات کی بروقت فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ وہ بذات خود مذکورہ بالا تمام امور کا باقاعدگی سے جائزہ لینگی۔