پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں ، عوام کو حقوق مانگنے کا شعور دیا ، یوسف رضا گیلانی

پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں ، عوام کو حقوق مانگنے کا شعور ...

  

 صادق آباد(تحصیل رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کو مضبو ط بنانے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر ملک کو آمریت سے نجات دلانے اور جمہوریت کو بحال کرنے میں اہم کردارادا کیا ہے ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک کو متفقہ آئین دیا ‘ایٹم بم بنا کر تحفظ مہیا کیا غریبوں کو جینے کا طریقہ بتایا اور اپنے حقوق مانگنے کا شعور دیا ‘میں نے وزیراعظم کی حیثیت ‘ بے نظیر بھٹو شہید کے بھائی اور سپاہی کی حیثیت سے پیپلزپارٹی کے شہداء کے ویژن پر عمل کر تے ہوئے ملک کے مسائل حل کرنے کیلئے کام کیا ۔ ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے آئندہ بھی عدلیہ کا احترام جاری رکھیں گے مجھے غیر قانونی طور پر نا اہل قرار دیا گیا مگر ہم نے عدلیہ کا فیصلہ بھی خوش دلی سے تسلیم کیا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم پاکستان و سینئر وائس چےئرمین پیپلزپارٹی سید یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ روز چانگ فارم نواز آباد اور ٹلوبنگلہ میں پیپلزپارٹی کے 48ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہاکہ صادق آباد کے عوام نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے انشاء اﷲ پانچ دسمبر کو پیپلزپارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی مخدوم احمد محمود نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کامیاب جلسوں کے انعقاد پر ممتاز احمد چانگ‘عبدالستار چانگ اور پیر جڑیل شاہ کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ صادق آباد کے عوام شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے نشان تیر پر مہر لگا کر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔ سابق گورنر پنجاب و صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہاکہ پیپلزپارٹی مزدوروں کسانوں اور محنت کشوں کی جماعت ہے جس نے غریبوں کو حوصلہ دیا اور جینے کا طریقہ سکھایا اور اپنے حقوق مانگنے کا شعور دیا پنجاب کا سالانہ بجٹ چار سو ارب روپے ہے مگر تخت لاہور پر بیٹھے ہوئے حکمران صرف لاہور پر بجٹ خرچ کرتے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے عوام کو نظر انداز کیاجارہا ہے ہمارے علاقوں کے عوام پینے کے صاف پانی کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ دوسری جانب لاہور ‘راولپنڈی میں میٹر وبس کے بعد اب میٹروٹرین چلانے کے منصوبہ پر تمام بجٹ خرچ کیاجارہا ہے ضلع رحیم یارخان سے بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کلین سویپ کرے گی حکمران جماعت پیپلزپارٹی کی مقبولیت دیکھ کر بوکھلا اٹھی ہے ہمارے ساتھیوں کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں جبکہ جلسوں میں شرکت پر عوام کو دھمکیاں دی گئی ہیں انھوں نے کہاکہ مخدوم علی محمود انشاء اﷲ چےئرمین ضلع کونسل منتخب ہونگے جو ایک ایک پائی کی حفاظت کرینگے اور پنجاب کے حکمرانوں سے اپنے حصہ کا بجٹ وصول کر کے ضلع رحیم یارخان کو ایک بار پھر تعمیر وترقی کا آغاز کر کے مثالی ضلع بنا دیاجائیگا ‘تعلیم‘ صحت ‘پینے کے صاف پانی‘ میٹل روڈز کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی پکا کے علاقہ میں تمام چکوک میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کروائے جائینگے انھوں نے کہاکہ تخت لاہور سے آزادی کیلئے نئے صوبے کا قیام ضروری ہے بہاول پورصوبہ کے قیام کیلئے پنجاب اسمبلی سے قرارداد منظور کروائی تھی اس پر عمل کیاجائے انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں۔ ضلعی صدر پیپلزپارٹی جاوید اکبر ڈھلوں نے کہاکہ مخدوم احمد محمود اور پیپلزپارٹی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو چکے ہیں انشاء اﷲ اب ضلع رحیم یارخان سے شاندا رکامیابی حاصل کرے گی انھوں نے کہاکہ آج یوم تاسیس ہمارے لیے تجدید عہد کا دن ہے۔ صوبائی رہنما پیپلزپارٹی سردار ممتاز خان چانگ نے کہاکہ مخالفین پیپلزپارٹی کی مقبولیت سے بوکھلا اٹھے ہیں اور اچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں گزشتہ رات بھر ہمارے حامیوں کے گھروں پر چھاپے مار ے گئے متعدد کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر دیا گیا عوام کو راستے بند کرنے ‘پانی بند کرنے ‘گنا نہ اٹھانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کسی دھمکی میں نہ آئیں بلکہ اپنے حوصلے بلند رکھیں ہم اپنی قوت سے راستے کھولیں گے پانی بند کرنیوالوں کو پانچ دسمبر کو انجام تک پہنچائیں گے۔ انشاء اﷲ دسمبر کو نہ صرف یونین کونسل نواز آباد بلکہ ملحقہ علاقوں کی یونین کونسلیں بھی جیت کر تحفہ میں پیش کریں گے۔پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے رابطہ سیکرٹری رانا طارق محمود خاں‘ضلعی جنرل سیکرٹری رئیس محمد دین ورند نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ضلع رحیم یارخان میں مخدوم احمد محمود کی رہنمائی اور قیادت میں ہم ظالموں سے ہر ظلم کا حساب لیں گے عوام بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کروائیں پانچ دسمبر کے بعد مخالفین نظر نہیں آئیں گے صرف ممتاز چانگ اور پیر جڑیل شاہ سمیت ہمارے حامیوں اور ساتھیوں کا راج ہو گا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مخدوم سید مصطفی محمود‘ امیدوار چےئرمین ضلع کونسل مخدوم سید علی محمود‘ پیپلزپارٹی جنوبی پنجا ب کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ رضوان عالم‘ سابق ایم پی اے سردار غضنفر علی لنگاہ‘ میاں محمد اسلم‘ سردار حبیب الرحمن گوپانگ‘چوہدری فاروق عزیز گجر‘ ضلعی نائب صدر محمد آصف خاں‘ چوہدری عامر مختار‘ تحصیل صدر رانا ندیم افضل‘سٹی صدر رانا ارشدجاوید‘ جنرل سیکرٹری حبیب الرحمن سمہ‘ ترجمان علی رضا بھٹی‘ جام کبیر انڑ ‘کوارڈی نیٹر مختار احمد جام‘حافظ فیض الرحمن بھیٹ‘ صدر بار ایسوسی ایشن میاں ابو بکر بھٹو ایڈووکیٹ‘ صدر پیپلز لائرز فورم ملک عبدالرؤف سولنگی ایڈووکیٹ‘ مجیب ارجمند خان‘قاری ناظم حسین سعیدی ‘ نثار احمد بزمی ‘سید ابو الکلام شاہ جیلانی‘ ملک حبیب اﷲ سولنگی‘ میجر فرخ‘سید مختار الحسن گل ایڈووکیٹ‘ ملک جہانگیر عمر ایڈووکیٹ سمیت ہزاروں افراد موجود تھے ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کی یوم تاسیس کے سلسلہ میں چانگ فارم اور ٹلوبنگلہ میں سید یوسف رضا گیلانی ‘مخدوم احمد محمود نے سالگرہ کے کیک کاٹے اور سینئر رہنما پیپلزپارٹی مخدوم امین فہیم کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی گئی ۔ قبل ازیں ٹلوبنگلہ پہنچنے پر اونٹوں کا روایتی رقص پیش کیا گیا قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -