پاکستان فرنیچر کونسل کا اسلام آباد میں تین روزہ نمائش کا اعلان

پاکستان فرنیچر کونسل کا اسلام آباد میں تین روزہ نمائش کا اعلان

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان فرنیچر کونسل نے لاہور میں چھٹی کامیاب نمائش کے انعقاد کے بعد مارچ میں اسلام آباد میں ساتویں تین روزہ بڑی نمائش کا اعلان کردیا جس کا مقصد ملکی اور عالمی سطح پر پاکستانی فرنیچر کی صنعت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ کونسل اب تک 6 بڑی نمائشیں کامیابی سے منعقد کرچکی ہے جس پر عوام اور نجی کاروباری شعبے کی جانب سے مثبت رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان نمائشوں سے اندرون و بیرون ملک فرنیچر کی صنعت کو فروغ دینے میں بڑی مدد ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اندرون ملک اس قسم کی نمائشوں سے اقتصادی سرگرمیوں میں قابل قدر اضافہ ہوگا اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری برادری کا مثبت تشخص سامنے آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ معیشت کو درست سمت میں رکھنے کیلئے میلے اور نمائشیں ضروری ہیں کیونکہ یہ معیشت کی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ملکی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کو بہترین ٹیکسٹائل برآمد کرنے والے ملک کا اعزاز حاصل ہے لیکن اسے ہاتھ سے بنائے گئے ٹھوس لکڑی کے عمدہ فرنیچر کے بیرون ملک فروغ کیلئے بھی اقدامات کرنے چاہئیں، اس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

انھوں نے کہا کہ نمائشوں پر مبنی معیشت جدید تکنیک ہے جس سے معاہدوں ، روابط، معلومات کے حصول اور ٹیکنالوجی کے تبادلے میں مدد ملتی ہے، اس کے علاوہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر خرید و فروخت کیلئے پلیٹ فارم دستیاب ہوتے ہیں۔ پاکستان فرنیچر کونسل کی جانب سے ملک میں نمائشوں کے انعقاد کیلئے کردار کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اس عمل سے عالمی برادری میں ملک کا مثبت تاثر اجاگر اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی نمائشوں میں غیر ملکیوں کی تسلسل کے ساتھ آمد کے باعث رینٹ اے کار، ٹرانسپورٹیشن، پرنٹنگ، سٹال سازی اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہوٹلنگ کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اندرون ملک بڑی نمائشوں کے انعقاد سے 5000 سے زیادہ افراد کو بلواسطہ یا بلاواسطہ روزگار کے مواقع ملے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے بڑے شہروں بالخصوص لاہور میں مزید نمائشی مراکز قائم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والے تجارتی میلوں اور نمائشوں میں ملک کے 25 فیصد تاجر و صنعتکار پہنچ پاتے ہیں اس لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ سہولتوں کے حامل مزید نمائشی مراکز قائم کیے جائیں اس سے پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کو مزید ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ملنے، کاروباری تعلقات اور سودے کرنے کا موقع ملے گا۔ ا

مزید : کامرس