آئرن‘ اسٹیل مصنوعات اور سیمنٹ کی پیداوار اورفروخت بڑھ گئی

آئرن‘ اسٹیل مصنوعات اور سیمنٹ کی پیداوار اورفروخت بڑھ گئی

کراچی (آن لائن)وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر اور یونائٹیڈ بزنس گروپ(یوبی جی) کے الیکشن سیل کے چیف کوآرڈینیٹر حنیف گوہر نے کہاہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی جون تااگست2016کے دوران آئرن اور اسٹیل مصنوعات کی بڑے پیمانے کی صنعتوں(ایل ایس ایم) میں سب سے زیادہ12.98فیصد اور سیمنٹ سیکٹرمیں9.5فیصد افزائش نے ملکی سطح پر تعمیراتی صنعت کی اہمیت اور افادیت ثابت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئرن‘ اسٹیل مصنوعات اور سیمنٹ کی پیداوار اورفروخت میں غیر معمولی اضافہ ملک بھر میں سرکاری و نجی شعبوں کی جانب سے تعمیراتی سرگرمیاں بڑھنے سے ہوا ہے اور اگر رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں دوہرے ویلیوایشن اورٹیکس بحران نہ ہوتاتو یہ افزائش اور بھی زیادہ ہوسکتی تھی تاہم ایف پی سی سی آئی ‘ آباد اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشنز کی مشترکہ کوششوں اورکاوشوں سے جائیدادوں کی ڈی سی اور ایف بی آر ویلیو ایشن کابحران آئندہ دوتین ہفتوں میں ختم ہوجائے گا جس کے نتیجے میں نجی شعبے میں ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن سیکٹر کی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں کوئلے کی قیمتوں ‘ قرضوں کی کم سرکاری شرح سود اوربڑھتی ہوئی تعمیراتی سرگرمیوں نے سیمنٹ کارخانوں کی9.5فیصد افزائش کے حصول میں مدد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ایس ایم میں آئرن اسٹیل کی ریکارڈ افزائش کے تناظر میں حکومت کو تعمیراتی صنعت کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے ۔

کیونکہ ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن انڈسٹری سے وابستہ70سے زائد اقسام کی ہزاروں صنعتوں کا کاروبار بڑھنے سے نہ صرف حکومت کو خطیر ٹیکس ریونیو حاصل ہوگا بلکہ لاکھوں افراد کوروزگار کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے۔ #

مزید : کامرس