کرپشن ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،کامران سیف

کرپشن ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،کامران سیف

لاہور(پ ر)مسلم لیگ( ق )کے راہنما میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ کرپشن ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ملک میں عوام کی محرومیوں کی اصل وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ کرپشن ہے ،کرپشن ناسور کی صورت اختیار کرچکی ہے جب تک کرپٹ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی اور ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لائی جاتی ملک ترقی کی راہوں پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ سوئس بینکوں اور پانامہ لیکس میں کرپشن کی رقم پاکستان لائی جائے تو ملک کو قرضوں سے نجات مل سکتی ہے اس لیے یہ رقم فی الفور پاکستان لائی جائے کیونکہ یہ رقم عوام کے خون پسینے اور ٹیکسوں کی رقم ہے جو بیرون ملک لے جائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک میں عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم نہیں ہوسکتا۔ سوئس بینکوں کا سارا پیسہ پاکستان لایا جائے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1