ایف بی آر کو تین دن کیلئے لیسکو سے ٹیکس ریکوری کرنے سے روک دیاگیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ جسٹس شمس محمود مرزا نے ایف بی آر کو تین دن کیلئے لیسکو سے 25 کروڑ 34 لاکھ کی ٹیکس ریکوری کرنے سے روک دیا۔فاضل عدالت نے لیسکو کی درخواست پر سماعت کی، لیسکو کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں آمدنی پر اور سیلز پر ٹیکس ادا کرنے والے اداروں کی مد میں نہیں آتیں لیکن پھر بھی ان لینڈ ریونیو نے دو ہزار بارہ میں لیسکو کو پچیس کروڑ چونتیس لاکھ کی ٹیکس ادائیگی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے لیسکو کو ٹیکس ریکوری کے نوٹسز بھی بھجوا دئے، اب ایف بی آر لیسکو سے زبردستی ریکوری کرنا چاہ رہا ہے اور خدشہ ہے کہ لیسکو کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمند کر دیئے جائیں گے، انہوں نے استدعا کی کہ ایف بی آر کی طرف سے لیسکو کو بھجوائے گئے ٹیکس ریکوری کے نوٹسز کالعدم کے جائیں،عدالت نے لیسکو کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے ان لینڈ ریونیو کے ایپلیٹ ٹربیونل سے رجوع کیا جائے۔