حکومت پنجاب معاشی ترقی کیلئے جدو جہد کر رہی ہے ،جاوید لطیف

حکومت پنجاب معاشی ترقی کیلئے جدو جہد کر رہی ہے ،جاوید لطیف

لاہور ( کامرس رپورٹر ) حکومت پنجاب صوبہ میں معیاری معاشی ترقی اور اس کی رفتار میں تیزی لانے کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔ شہر لاہور میں بین الاقوامی سطح کا پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ جلد قائم کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں حکومت پنجاب کی جانب سے ابتدائی طور پر سال 2016-17کے ڈویلپمنٹ بجٹ میں 4ارب روپے مختض کر دیے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہارسنیئر چیف کوآرڈینیشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب جاوید لطیف نے گزشتہ روز محکمہ پی اینڈ ڈی میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے34ویں مینڈیٹری ٹریننگ کورس کے افسران کے سرکاری دورے کے دوران بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تربیتی افسران کے وفد کی قیادت کوآڈی نیٹر و ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سٹاف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخواہ لیاقت علی خان نے کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شاہد عادل سمیت سیکٹر چیفس پی اینڈ ڈی اور متعلقہ دیگر افسران بریفنگ سیشن میں شریک ہوئے۔بریفنگ سیشن کے دوران سینئر چیف پی اینڈ ڈی جاوید لطیف نے مہمان ٹریننگ افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر لاہور کو خوبصورت بنانے کے لیے حکومت پنجاب خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس کے لیے معقول فنڈز استعمال کیے جا رہے ہیں۔حکومت نے صوبے کی تمام تر تحصیلوں میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے اور عوام اس منصوبے کی بدولت زمین سے متعلقہ ضروری تفصیلات الیکٹرانک سروس کے زریعے سے گھر بیٹھے مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں شہر خاموشاں پراجیکٹ کے تحت قبرستانوں کی حالت میں مزید بہتری لانے کے لیے مالی سال 2016-17کے بجٹ میں 200ملین روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔ جبکہ حکومت کی جانب سے چھوٹے کسانوں کو خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت آسان قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں ۔شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے 13بلین روپے کے تحت سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔سکول کے بچوں کے لیے اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے سلسلہ میں 15بلین روپے رکھے گئے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر