لاکھوں روپے وصول کرنیوالے نجی کالجوں کو میرٹ کی دھجیاں نہیں اڑانے دوں گا، شہباز شریف

لاکھوں روپے وصول کرنیوالے نجی کالجوں کو میرٹ کی دھجیاں نہیں اڑانے دوں گا، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئی نسل کو زیور تعلیم اورجدید علوم سے آراستہ کر کے پاکستان خود انحصاری کی منزل اورترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل ہوکر باوقار مقام حاصل کرسکتا ہے ۔وسائل نہ ہونے کا بہانہ بنا کرقوم کے ہونہار اور ذہین بچوں کو اپنے محلے کی گلیوں کی دھول میں گم ہونے دینے سے بڑا کوئی اور قومی جرم ہونہیں سکتا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو جب پنجاب میں اقتدار ملاتوہم نے وزیراعظم محمد نوازشریف کے ویژن کے مطابق 2008ء میں 2ارب روپے سے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ بنایا اور اب اس فنڈ کا حجم ساڑھے سترہ ارب روپے سے بڑھ گیا ہے اوریہ پاکستان کا ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا تعلیمی فنڈبن چکا ہے جس کی آمد ن سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہار بچے اور بچیاں اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔اس سال تعلیمی فنڈ کے تحت دسمبر کے آخر تک وظائف حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔70سال قبل اگر ایساہی تعلیمی فنڈ قائم ہوجاتا تو آج تعلیم سے محروم رہ جانے والے اس قوم کے بچے اور بچیاں گلی محلوں کی خاک نہ بنتے بلکہ وہ انجینئرز،سائنسدان،ڈاکٹرز،بینکرزاورپروفیسرز بن کر قوم کی خدمت کررہے ہوتے۔اب بھی وقت ہے کہ ہوش کے ناخن لیں،ذاتی انا،مفاد،جھگڑوں،دھرنوں ،لاک ڈاؤن اورقوم کو تقسیم کرنے سے بازآجائیں۔محنت،امانت اوردیانت کو شعار بناکرملک وقوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔پنجاب حکومت نے قوم کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اورعلم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے میں پھیلانے کیلئے انقلائی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں ۔ تعلیمی فنڈ کے ذریعے اب تک 11ارب روپے سے زائد مالیت کے وظائف کم وسیلہ گھرانوں کے بچے و بچیوں کی تعلیم کیلئے دےئے جاچکے ہیں جبکہ پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے 1ارب 25کروڑ کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے ہیں اوران تعلیمی پروگراموں میں پنجاب کے علاوہ پاکستان کی تمام اکائیوں کے ذہین طلبا و طالبات کو شامل کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان اقبال میں میٹرک اورانٹر میڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرزطلبا و طالبات میں نقد انعامات اورتعریفی اسناد تقسیم کیں۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں ہر سال تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں پنجاب کے علاوہ سندھ،خیبر پختونخوا،بلوچستان،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اورپاکستان کے تمام حصوں سے ذہین طلباء وطالبات ،ان کے والدین اوراساتذہ شرکت کرتے ہیں ۔میں امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات ،ان کے والدین اور اساتذہ کو دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اورپوزیشن ہولڈرز کے والدین کو خصوصی طورپرمبارک دیتا ہوں جنہوں نے اپنا پیٹ کاٹ کر مشکلات اورچیلنجز کے باوجود اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے وسائل فراہم کیے ۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ اپنے وسائل سے اپنے بچوں کو دنیا کے جس بھی تعلیمی ادارے سے تعلیم دلوانا چاہیں دلا سکتے ہیں لیکن کم وسیلہ خاندانوں پر معیاری تعلیم کے دروازے بند رہے ہیں ، کیاان کا قصور یہی تھا کہ انہوں نے غریب گھرانوں میں آنکھ کھولی ہے ؟کیا قائداعظم کی قیادت میں پاکستان اس لئے حاصل کیا گیاتھاکہ یہاں امیر کا پاکستان الگ اور غریب کا پاکستان اورہے۔پنجاب حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی پروگرام شروع کر کے امیر اورغریب کے پاکستان کے فرق کو مٹا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر قائدا عظم کی زندگی چند سال اور وفا کرتی تو پاکستان ہندوستان سے کہیں آگے ہوتا ۔لیکن قدرت کو یہی منظور تھا ۔ہمیں ماضی کی کوتاہیوں پر آنسو بہانے کی بجائے محنت اورجہدمسلسل کے ساتھ آگے بڑھنا ہے ۔میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے بھی میرٹ کی پالیسی اپنائی گئی ہے ۔پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کو بھی میرٹ پالیسی کو اپنانا ہوگااورطلبہ کو سوفیصد داخلے میرٹ پر دینا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نجی کالجز لاکھوں روپے وصول کر کے میرٹ کی دھجیاں اڑا رہے ہیں وہ منافع ضرور کمائیں لیکن میرٹ کا قتل عام نہ کریں ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے اپنے خطاب میں کہاکہ 1997ء میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے امتحانی نظام سے بوٹی مافیا کا خاتمہ کردیا تھا ۔میرٹ پالیسی تعلیم کے میدان میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کے باعث ہی آج غریب گھرانوں کے بچے پوزیشنیں حاصل کررہے ہیں۔تعلیم کا بجٹ375ارب تک پہنچ چکا ہے ۔پنجاب کے عوام خوش قسمت ہے کہ انہیں شہبازشریف جیسا علم دوست وزیراعلیٰ ملا ہے ۔پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات نے بھی تقریب سے خطاب کیا اوروزیراعلیٰ شہباشریف کے فروغ تعلیم کیلئے اقدامات پرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود،بیگم ذکیہ شاہنواز،صوبائی وزراء،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری،چےئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر امجد ثاقب،ماہرین تعلیم،وائس چانسلرز،پروفیسرز،اساتذہ،والدین،دانشوروں اورطلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -