2018کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کلین سویپ کریگی :منشاء اللہ بٹ

2018کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کلین سویپ کریگی :منشاء اللہ بٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جاوید اقبال،محمد ابریز خان)پنجاب کے وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ کام کرنا جہاد کرنے کے مترادف ہے ۔2018کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) ہی کلین سویپ کرے گی اور 2018میں چاروں صوبوں سمیت مرکز میں بھی حکومت میاں نواز شریف ہی بنائیں گے۔میاں شہباز شریف اور نواز شریف کی عوامی خدمت اور انقلابی منصوبہ جات کی تکمیل کے سامنے تحریک انصاف کھڑی ہو سکے گی نہ پیپلز پارٹی مقابلہ کر سکے گی مستقبل مسلم لیگ (ن) کا ہی ہو گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بہت جلد نیا بلدیاتی نظام مکمل طور پر فنکشنل ہو جائے گا۔تحصیل و ضلع کونسلوں کے چیئر مینوں سمیت میئرز منتخب ہو کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے اور اقتدار صحیح معنوں میں عوام تک منتقل ہو جائے گا۔وہ روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی اور ایڈیٹر عمر مجیب شامی سے ملاقات کے بعد’’ پاکستان‘‘ فورم میں اظہار خیال کر رہے تھے۔صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ گزشتہ روز پاکستان کے دفتر آئے اور انہوں نے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی اور عمر مجیب شامی سے ملاقات کی اس موقع پر روزنامہ پاکستان سیالکوٹ کے بیورو چیف محمد ابریزخان ،ڈائریکٹر مارکیٹنگ عتیق الزمان بٹ ،ڈائریکٹر علی مجیب شامی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مجھے وزیر بلدیات بنا کر جو ذمہ داری سونپی ہے اس کو پوری دیانتداری ،محنت اور لگن سے نبھاؤں گا میری وزارت کا تعلق براہ راست عوام سے ہے اور انشاء اللہ میں قیادت اور عوامی توقعات پر پورا اتروں گا۔محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے تمام افسروں اور ملازمین پر واضح کر دیا ہے کہ سب کو ساتھ لیکر چلوں گا اس کے لئے تمام ملازمین اور افسروں کو کام کام اور کام کی پالیسی اپنانا ہو گی اس پالیسی پر پورا اترنے والے ہی میری ٹیم کا حصہ رہیں گے۔دوسروں کو محکمہ چھوڑنا ہو گا یا گھر جانا ہو گا۔یونین کونسل سے لیکرسیکریٹری بلدیات تک سب کوکام کرنا پڑے گا اور محکمہ میں میرٹ کا بول بالا ہو گا۔میرٹ کی حکمرانی قائم ہو گی ۔عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے والوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے میں نے سب پر واضح کر دیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا وژن ہی میرا وژن ہے اس پر ہر حال میں عملدرآمد کرنا ہو گا۔یونین کونسل کے سیکریٹری سے اوپر تک میرٹ اور انصاف کی حکمرانی قائم کریں گے۔میں پورے پنجاب کا وزیر بلدیات ہوں میرے دروازے 24گھنٹے عوام کے لئے کھلے ہیں ۔محکمے سے کرپشن ،بد عنوانی ،نا انصافی کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے ۔عوام کو ہر جگہ صاف پانی کی فراہمی کے مواقع فراہم کرنا میری اور وزیر اعلیٰ کی سوچ کا حصہ ہے ۔زیر زمین میٹھے پانی کو محفوظ بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں گے کیونکہ اگر میٹھے پانی کے وہ زخائر جو زیر زمین ہیں ان کو محفوظ نہ کیا گیا اور آنے والی نسلوں کے لئے پانی نہ بچایا گیا تو آئندہ سالوں میں پانی پر لڑائیاں شروع ہوں گی ان کو روکنے کے لئے ابھی سے تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔صوبے میں بڑے فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے ۔محمد منشا اللہ بٹ نے کہا کہ پاکستان میں سیالکوٹ ،لاہور ،پشاور اور کوئٹہ کے نزدیک جیسے علاقوں کا پانی دیسی گھی کی مانند ہے مگر یہاں بھی زیر زمین پانی آلودہ ہو رہا ہے جس کو بچانے کے لئے عملی اقدامات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے افسروں پر واضح کر دیا ہے کہ وقت بہت کم ہے مقابلہ سخت ہے سب کو ایک قومی سوچ لیکر آگے بڑھنا ہو گا اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے دن رات خادم اعلیٰ کے وژن کے مطابق کام کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگ (ن) کا ایک کارکن ہوں اور کارکن کو وزیر بنا کر وزیر اعلی ،وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے بیٹے حمزہ شہباز نے لاکھوں کارکنوں کے دل جیت لئے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگ کے ساتھ وابستہ ہوں اور رہوں گا وہ لوگ بدبخت ہیں جو (ن) لیگ اور اس کی قیادت کا ساتھ چھوڑ جاتے ہیں ۔میاں نوازشریف و شہباز شریف درویش لوگ ہیں ان درویشوں کے منصوبے کامیاب ہونا اللہ کی دین ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام آنے سے نچلے طبقے کے لوگ بھی حکومت میں شریک ہو جائیں گے اور یہ ہی اصل جمہوریت ہے ۔اس سلسلے میں پورے پنجاب کا دورہ کروں گا اور بلدیات کے نظام کا معائنہ کروں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف میں عوام کی تڑپ موجود ہے ۔حمزہ شہباز ان معاملات کو دیکھ رہے ہیں تاکہ کام ٹھیک طرح چلتا رہے اس سلسلے میں پبلک افیئر یونٹ کے نام سے ٹیم بھی بنائی ہے جو کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی کامیابی کے بعد ملک میں ترقی نہایت تیزی سے ہو گی۔موٹر وے کے جال صوبہ بھر میں بچھ رہے ہیں جلد ہی صوبے کا ہر شہر صوبائی دارالحکومت سے چند منٹوں کی مسافت پر ہو گا جس سے صوبہ میں ترقی کا آغاز ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں محمد منشا اللہ بٹ نے کہا کہ سیالکوٹ ملک کا ایک تاریخی شہر ہے ۔جس میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے صحت اور تعلیم کے شعبہ میں سیالکوٹ میں انقلاب برپا کر دیا گیا ہے ۔لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ایک جال بچھایا گیا ہے ۔لاہور سیالکوٹ موٹر وے کی تکمیل مکمل ہونے سے یہ سفر صرف 55منٹ پر ہو گا ۔سیالکوٹ ایشیا کا واحد شہر ہے جس کے صنعت کاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایئر پورٹ کی تکمیل مکمل کی ہے اب اہلیان سیالکوٹ اپنے جہازوں کی کمپنی سیال ایئر بس کے نام سے شروع کر رہے ہیں جو اپنے طیارے خریدے گی اس طرح سیالکوٹ کی اپنی ایئر کمپنی بھی سامنے آ جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جس انداز میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے منصوبے مکمل کر رہی ہے اس کے بل بوتے پر 2018کے انتخابات بھی جیتیں گے ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) سولو فلائٹ کرے گی اور میدان مارے گی ۔تحریک انصاف ہو یا پیپلز پارٹی کوئی جماعت مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ نہیں کر سکے گی۔پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں بھی اتحادی نہیں بنیں گے ۔اگریہ انہونی ہو بھی گئی تو یہ دونوں مل کر بھی مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک ایسا منصوبہ ہے جو ملک کی تقدیر بدل دے گا ۔اس سے ملک میں خوشحالی آئے گی اور غربت کا خاتمہ ہو گا۔

مزید :

صفحہ آخر -