یوسیز سیکرٹریوں کی تعلیمی اسناد،سرٹیفکیٹ چیکنگ کی سخت ہدایات
ملتان (خبر نگار)ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے ڈی او سی اوز کو یونین کونسلوں میں تعینات ہونے والے سیکرٹریوں کی تعلیمی اسناد اور سرٹیفکیٹ سختی سے چیک کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کو شکایات ملیں ہیں کہ یونین کونسل کے سیکرٹریوں نے تعلیمی اسناد جعلی بنوا کر محکمہ کو جمع کرائی گئی ہیں جس کا نوٹس (بقیہ نمبر4صفحہ12پر )
لیتے ہوئے ڈی جی لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے ملتان سمیت پنجاب بھر کے ڈی او سی اوز کو یونین کونسلوں میں تعینات ہونے والے سیکرٹریوں کی اسناد بذات خود چیک کرنے اور تصدیق کروانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی نے ملتا ن سمیت پنجاب بھر میں سیکرٹری کمیونٹی ڈویلپمنٹ، سیکرٹری سروسز اور سیکرٹری یونین کونسل میں تعلیمی قابلیت پوری نہ ہونے والے سیکرٹریوں کی تعیناتی پر پابندی عائد کردی ہے اورمذکورہ سیکرٹریوں کو انکے مدر ڈیپارٹمنٹ میں بھیجنے کی ہدایات جاری کردی ہیں بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری کمیونٹی ڈویلپمنٹ سکیل 14کیلئے BAکی شرط رکھی گئی ہے ، سیکرٹری سروسز سکیل 7کیلئے FA، سیکرٹری یونین کونسل سکیل 7کیلئے FAکی شرط رکھی گئی ہے جبکہ 2001میں ضلع کونسل سے لئے جانیوالے اکثر سیکرٹریوں کی تعلیمی قابلیت میٹرک ہے اور 2001میں مذکورہ سیکرٹریوں کا سکیل جونئیر کلرک کے برابر تھا جن کا موجودہ سکیل 11ہے۔ میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل میں سیکرٹریوں کی تعیناتی کیلئے تعلیمی قابلیت بڑھانے سے 60سے 70کے قریب سیکرٹریوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ دوسری طرف انکے مدر ڈیپارٹمنٹ میں بھی انکی پوسٹیں ختم کردی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تعلیمی قابلیت بڑھانے سے متاثر ہونے والے سیکرٹریوں نے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے اور قانونی کاروائی کرنے کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔