پی ٹی آئی کا شریف خاندان کی کرپشن پر دستاویزی فلم کی تشہیر کا فیصلہ
لاہور (نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید کی زیر صدارت پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اور اراکین صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مراد راس، شعیب صدیقی، میاں اسلم اقبال، احمد خان بچھڑ، جہانزیب خان کھچی، عارف عباسی، وحید ڈوگر، ممتاز مہاروی، راجہ راشد حفیظ، آصف محمود، حجازی خان، سعدیہ سہیل، ڈاکٹر نوشین حامد، راحیلہ انوار، شنیلا روتھ ودیگر نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں میگا پراجیکٹس کے آڈٹ کرانے کا معاملہ اٹھایا جائے ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر رکن اسمبلی شریف خاندان کی کرپشن پر مبنی دستاویزی فلم کو اپنے حلقوں میں تشہیر کرے گا جس کے لئے عوامی مقامات پر بڑی سکرینیں لگا کر عوام میں کرپشن کیخلاف شعور بیدار کیا جا ئے گا۔ اجلاس میں پنجاب بالخصوص لاہور میں بڑھتے ہوئے کرائم پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔