کے الیکٹرک نے این ای ڈی میں الیکٹریکل لیب قائم کردی

کے الیکٹرک نے این ای ڈی میں الیکٹریکل لیب قائم کردی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک نے مستقبل کے انجینئرزکے لیے معلومات کے پلیٹ فارم کو مزید مستحکم کرتے ہوئے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ الیکٹریکل انجینئرنگ لیب قائم کردی ہے۔اس جدید ترین لیب کا افتتاح این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد افضل حق اور کے الیکٹرک کے چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونکیشن آفیسر، سید فخراحمد نے یونیورسٹی کے عملے کی موجودگی میں حال ہی میں ایک پروقار تقریب کے دوران کیا۔اپنی نوعیت کے اس پہلے اقدام سے الیکٹریکل انجینئرنگ کے طالب علموں کو صنعتی شعبے میں استعمال ہونے والے پیچیدہ آلات تک رسائی حاصل ہو سکے گی جبکہ ریسرچ کے حوالے سے ادارے کے انداز فکر کے باعث ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔لیب میں موڈیفائیڈریلِیز، ٹیسٹنگ بینچز ، ٹرانسفارمرز اورگرڈ اسٹیشنزمیں استعمال ہونے والے دیگر قیمتی آلات بھی نصب کئے گئے ہیں ۔ مزید برآں، لیکچرز اور تجربات کے لیے علیحدہ جگہیں بھی مختص کی گئی ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے NEDUET کے وائس چانسلر، پروفیسرڈاکٹر محمد افضل حق نے کہاکہ صنعتی اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط تعلق، معلومات پر مبنی معیشت میں سماجی اور صنعتی ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ کے الیکٹرک ، انجینئرنگ کے طالب علموں کے لیے وسائل اور رہنمائی فراہم کرنے کے علاوہ ،این ای ڈی کے گریجویٹس کوسب سے زیادہ ملازمت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے ۔ الیکٹریکل انجینئرنگ کے طالب علموں کے لئے جدیدترین آلات سے آراستہ لیب کی فراہمی انتہائی سازگار ثابت ہوگی۔‘‘انہوں نے دونوں اداروں کے درمیان مستقبل میں بھی باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید تعاون کی توقع ظاہر کی۔ کے الیکٹرک کے چیف مارکیٹنگ او ر کمیونیکیشن آفیسر سید فخر احمد نے کہا،انجینئرزقوم کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں ان کے کردار کو پوری طرح سمجھتے ہیں۔انجینئرز ہمارے شعبے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسی لئے ہمارا سوشل انویسٹمنٹ پروگرام ان کی تربیت و رہنمائی پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔ ہم مستقبل میں بھی اس طرح انجینئرنگ کے اعلیٰ ادارے کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ یہ اقدام کے الیکٹرک اور این ای ڈی یونیورسٹی کے درمیان 2013میں ہونے والے معاہدے کا تسلسل ہے جس کے ذریعے کے الیکٹرک نے مستقبل کے انجینئرز کی حوصلہ افزائی اور تربیت کے لیے وسائل اور رہنمائی فراہم کرنے کا عزم کیا تھا۔گزشتہ برس کے الیکٹرک نے این ای ڈی یونیورسٹی کو پاور سسٹم سمولیٹرفار انجینئرنگ (Power System Simulator for Engineering; PSSE) سافٹ ویئر فراہم کیا تھا تاکہ طالب علموں کو ٹرانسمیشن پلاننگ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد مل سکے ۔ اس سال کے آغاز میں بھی کے الیکٹرک نے SAE Formula میں قومی پرچم کی نمائندگی کے لیے این ای ڈ ی یونیورسٹی کی فارمولا اسٹائل ریسنگ کار اسپانسر کی تھی۔