چکوال،مخصوص نشستوں پرکامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کا سرکاری نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کامیاب ہونے والے امیدوار دو دسمبر کو حلف اٹھائیں گے جس کے بعد ضلع چکوال کی71یونین کونسلیں، چھ میونسپل کمیٹیاں اور ضلع کونسل چکوال میں ممبران کی تعداد مکمل ہو جائے گی۔ معلوم ہو اہے کہ آئندہ چند روز میں پنجاب کی میونسپل کارپوریشن ، ضلع کونسل ، میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمینوں کے الیکشن کا شیڈول جاری ہوگا اور دسمبر کے آخر تک میئرز، چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کا الیکشن مکمل ہونے کے بعد جنوری کے پہلے ہفتے میں تما م بلدیاتی ادارے فنکشنل کر دیے جائیں گے۔ ضلع چکوال کا سیاسی منظر نامہ سردار غلام عباس کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد مکمل طور پر یکطرفہ ہوچکا ہے البتہ ان چیئرمینوں کے الیکشن میں دلچسپی صرف اتنی ہے کہ حکمران مسلم لیگ ن کے اندر یہ بڑے عہدے حاصل کرنے کیلئے پانچ گروپ سرگرم عمل ہوچکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے پاس عددی اکثریت تو کوئی نہیں البتہ انہوں نے مشترکہ طور پر مسلم لیگ ن کی اپوزیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسپل کمیٹی لاوہ اور میونسپل کمیٹی تلہ گنگ میں مسلم لیگ ق اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہونے کا امکان ہے جبکہ میونسپل کمیٹی بھون میں پی ٹی آئی کے چوہدری محمود اقبال چیئرمینی کیلئے فیورٹ ہیں ، باقی میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل میں پارلیمنٹرینز ہی ایک دوسرے سے دست و گریباں ہیں۔ ضلع کونسل میں اس وقت پانچ گروپ واضح طور پر سامنے آچکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کو 95رکنی ایوان میں 83ممبران کی حمایت حاصل ہے۔ پارٹی کی ہائی کما ن نے واضح کیا ہے کہ چیئرمین ضلع کونسل چکوال کا ٹکٹ پارٹی کی ہائی کمان جاری کرے گی لہٰذا تمام پانچوں گروپ ہائی کمان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور مختلف انداز میں لابنگ کر رہے ہیں اور چیئرمین کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے شریف برادران پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔ بہرحال عمومی خیال ہے کہ کوئی ڈارک ہارس ہی میدان مارے گا کیونکہ بصورت دیگر مسلم لیگ ن کے اندر شدید انتشار پیدا ہونے کا خدشہ ہوچکا ہے۔