عوام کو معیاری اور سستی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے :ڈاکٹر امجد علی

عوام کو معیاری اور سستی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے :ڈاکٹر امجد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو سستی اور بہتر معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کی بدولت ملازمین، ریٹائرڈ پنشنرز اور غریب لوگوں کو معیاری سہولتوں سے آراستہ رہائش فراہم ہو سکے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں حکومت خیبر پختونخوا کی میگا ہاؤسنگ سکیم "خپل کور "پروگرام سے متعلق کمرشل بینکوں کے ذونل چیفس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر جمال یوسف، ڈائریکٹر جنرل اعجاز افضل، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ سیف عثمانی ، بینک آف خیبر، نیشنل بینک ، اور عسکری بینک کے ریجنل چیفس سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مذکورہ پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے غور وخوض ہوا اور بینکوں نے سستی ہاؤسنگ سکیم کے عملی جامہ پہنانے سے متعلق اس پروگرام سے اصولی طور پر اتفاق کیا جو کہ صوبائی حکومت ہر ضلع میں "خپل کور " کے نام سے شروع کر رہی ہے۔اس سکیم میں زمین کی قیمت سمیت دو لاکھ روپے مالیت کا پانچ مرلے کا گھر دو بیڈ رومز،ڈرائنگ روم،کچن اور چار دیواری پر مشتمل ہوگا جس میں سرکاری ملازمین کو ترجیح دی جائے گی اور انہیں بنا بنایا گھرکم سے کم مدت میں میسر ہوگا۔پروگرام کے تحت رقم آسان شرائط میں 20سالوں کے اندر بینکوں کو ادا کرنے کے لئے معاہدہ ہوگا جبکہ درخواست گزاروں کیلئے ہر ضلع میں ون ونڈو سہولت فراہم ہوگی۔ ڈاکٹر امجد علی نے اس موقع پر کہا کہ اگر 30فیصد سرکاری ملازمین خیبر پختونخوا کی ماڈل سکیم سے فائدہ اٹھائیں تو 680بلین روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت 21لاکھ مکانات کی ضرورت ہے اور25فیصد لوگوں کو رہائشی سہولت فراہم کر کے ایک ہزار بلین روپے کی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے جس سے بڑے پیمانے پر اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکتا ہے اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں ۔