عمران خان کی جانب سے صوابدیدی فنڈز پر پابندی کے باوجود خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو کروڑوں روپے جاری

عمران خان کی جانب سے صوابدیدی فنڈز پر پابندی کے باوجود خیبرپختونخوا اسمبلی ...
عمران خان کی جانب سے صوابدیدی فنڈز پر پابندی کے باوجود خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو کروڑوں روپے جاری

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پشاور(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے خیبرپختونخوا میں امبریلا سکیموں اور وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز پر پابندی کے اعلان کے باوجود صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی کے متعدد ارکان صوبائی اسمبلی کے ساتھ پارٹی کے ناراض گروپ کے ایم این ایز کو بھی کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کردئیے ہیں۔

روزنامہ جنگ کے مطابق وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز میں صوبائی وزیر آبنوشی شاہ فرمان کو 2 اے ڈی پی سکیموں کیلئے 15 کروڑ 40 لاکھ روپے سے نوازا گیا ہے، ایم این اے انجینئر حامد الحق اور پارلیمانی سیکرٹری حاجی فضل الہٰی کو 3,3 کروڑ روپے جارے کئے گئے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری عارف یوسف کو 2 کروڑ، یاسین خلیل، اشتیاق ارمڑ اور شوکت یوسفزئی کو ڈیڑھ ڈیڑھ کروڑ روپے کے فنڈز کا اجرا کیا گیا ہے ۔ صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کے ناراض گروپ کے ایم این ایز ساجد نواز، جنید اکبر، داور کنڈی اور خیال زمان کو بھی ان کے حلقوں میں تریقاتی سکیموں کیلئے 3,3 کروڑ روپے دئیے ہیں۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ فنڈز کی منظوری گزشتہ مالی سال کے دوران دی گئی تھی تاہم مالی مشکلات کے باعث فنڈز کا اجراءاب کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے 15مارچ 2017تک مردم شماری کرانے کا حکم جاری کردیا

اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی پشاور کے اجلاس میں پیش کردہ سرکاری دستاویز کے مطابق وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز سے 2 اے ڈی پی سکیموں 757 اور 1246 کیلئے صوبائی وزیر آبنوشی شاہ فرمان خان کو مجموعی طور پر 15 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ پارلیمانی سیکرٹری حاجی فضل الہٰی کو تین اے ڈی پی سکیموں کیلئے 3 کروڑ، عارف یوسف کو 2 اے ڈی پی سکیموں 757 اور 762 کیلئے 2 کروڑ روپے، اشتیاق ارمڑ، یاسین خلیل اور شوکت یوسفزئی کو ڈیڑھ ڈیڑھ کروڑ روپے، محمود جان کو ایک کروڑ روپے، قومی وطن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینئر وزیر سکندر حیات خان شیر پاﺅ کو 1 کروڑ 35 اور مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ارباب وسیم کو اے ڈی پی سکیم 762 کیلئے وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز سے 30 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔

مزید : پشاور