طلب بڑھنے پر ڈالر107روپے کی حد سے بڑھ گیا،صدرفاریکس ایسوسی ایشن
کراچی(اکنامک رپورٹر)فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں طلب بڑھنے پر ڈالر107روپے کی حد سے بڑھ چکا ہے، جس پر تشویش ہے تاہم ایشیائی ترقیاتی بینک سے 41کروڑ 50لاکھ ڈالر ملنے اور بانڈز کی نیلامی سے زرمبادلہ ذخائر بڑھنے پر روپیے کی قدر مستحکم ہوجائے گی۔خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ملک بوستان نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 107روپے سے تجاوزکرگیاہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ڈالر کی بلاوجہ خریداری نہ کریں ،بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ، پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں بیرونی سرمایہ کاری 40 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے ،ملک بوستان نے بتایا کہ ایک ہفتے میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں دو منصوبوں کیلئے 41 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دینے کی منظوری دی ہے ، دوسری جانب بیرون ممالک بانڈز کی نیلامی کا روڈ شو بھی کامیاب رہا ہے جس سے ڈیڑھ سے 2 ارب ڈالر متوقع ہیں،انہوں نے کہاکہ ان اقدامات کے سبب زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوگا۔