جنرل الیکشن سے قبل کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ ، متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب

جنرل الیکشن سے قبل کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ ، متعلقہ محکموں ...

لاہور(جنرل رپورٹر) ضلع لاہور میں واقع 80 کچی آبادیوں کومالکانہ حقوق فراہم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ، یہ اعلان مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان نے گزشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں ایک اجلاس میں کیا اجلاس میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر میئر لاہور کرنل(ر) مشیر جاوید کے علاوہ ایل ڈی اے واسا اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات 2018ء سے قبل ضلع لاہور میں واقع تمام کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دے دیئے جائیں گے اس سلسلے میں مشیر نے ایل ڈی اے سے ایسی کچی آبادیاں جو 1988ء سے قائم ہیں ان کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم جاری کیا دریں اثناء محکمہ ریونیو اور ڈپٹی کمشنر جنرل ریونیو کو حکم دیا گیا کہ اس حوالے سے1988ء کے بعد 2000ء ، 2003ء اور 2007ء میں کچی آبادیوں کے حوالے سے کئے گئے سروے کی رپورٹس بھی الگ الگ پیش کی جائیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ جن کچی آبادیوں کی زمین وفاقی اداروں کی ملکیت ہے اس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں80ایسی کچی آبادیاں موجود ہیں جن میں لوگ سالہا سال سے رہائش پذیر ہیں اور وہاں تمام کنکشن، بجلی، پانی سوئی گیس سیوریج تو موجود ہیں مگر آج تک مالکانہ حقوق کا معاملہ فائلوں میں دفن ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ احمد حسان نے کہا کہ ایسے لوگ جو ایسی کچی آبادیوں میں موجود ہیں اور باقاعدہ رہائش پذیر ہیں ان تمام کو بے دخل نہیں کیا جائے گا انہیں مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔

کچی آبادیاں

مزید : میٹروپولیٹن 1