آئی سی سی انڈر 19کپ 2018کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی

آئی سی سی انڈر 19کپ 2018کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی

ویلنگٹن (نیٹ نیوز) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء کی لانچنگ کر دی گئی، ٹورنامنٹ کے شروع ہونے میں 43 دن باقی رہ گئے، ایونٹ 13 جنوری سے 3 فروری تک نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں دنیائے کرکٹ کی 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، ویسٹ انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئندہ برس شیڈول انڈر 19 ورلڈ کپ کی لانچنگ تقریب جمعرات کو ویلنگٹن میں منعقد ہوئی جس میں نیوزی لینڈ کرکٹ کے وزیر کھیل ہون گرانٹ روبرٹسن، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن، نیوزی لینڈ کرکٹ چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ اور ایونٹ برانڈ ایمبیسڈر کورے اینڈرسن سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ انڈر 19 ورلڈ کپ کئی وجوہات کی وجہ سے اہمیت کا حامل ہے ، اسی کے ذریعے سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر سینئر ٹیم میں شامل ہونے کا موقع ملتا ہے، ہم نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں جو کہ تیسری بار میگا ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ کیوی آل راؤنڈر کورے اینڈرسن نے کہا کہ میگا ایونٹ کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے، میں نے ملک کیلئے دو انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلے اور ان کے تجربے کو کبھی نہیں بھولوں گا۔ آسٹریلیا اور بھارت تین، تین بار ٹائٹلز جیت کر کامیاب ترین ٹیمیں ہیں جبکہ پاکستان واحد ٹیم ہے جس کو عالمی ٹائٹل کا دفاع کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی