ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب وسیم سیال کی زخمی پولیس ملازمین کی عیادت
لاہو ر(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے احکامات پر ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب وسیم سیال نے فیض آباد دھرنا آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے پولیس ملازمین کی بے نظیر ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں جا کر عیادت کی اور انہیں گلدستے پیش کئے۔اس موقع پرسی پی اوراولپنڈی اسرار احمد خان عباسی ، ایس پی راول ڈویژن، بہرام خان مندوخیل اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر وسیم سیال نے ہسپتال انتظامیہ سے زخمی ملازمین کی صحت اور علاج معالجہ کے حوالے سے دریافت کیا اور زخمی ملازمین کی محکمہ پولیس کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں درکار تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فرض شناس ، محنتی اور قابل اہلکارمحکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں محکمہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا ۔آخر میں ڈی آئی جی ویلفیئر نے زخمی ملازمین میں نقد رقوم بھی تقسیم کیں۔