سنٹرل پولیس آفس کپیسٹی سٹرینتھنگ سیل اور پیپراکے اشتراک سے تربیتی ورکشاپ

سنٹرل پولیس آفس کپیسٹی سٹرینتھنگ سیل اور پیپراکے اشتراک سے تربیتی ورکشاپ

لا ہو ر (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس کے کپیسٹی سٹرینتھنگ سیل کے زیر اہتمام پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے اشتراک سے پیپرا رولز کے متعلق آگاہی کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پیپرا اتھارٹی حکومت پنجاب کے ٹرینرز نے پری اسیسمنٹ ، بڈنگ ڈاکومنٹس کی تیاری ، پری کوالیفیکشن ، ایویلوایشن ، عام خلاف ورزیوں اور حقائق سمیت پیپرا رولز کے دیگر موضوعات پر تفصیلی آگاہی سیشن منعقد کئے ۔ ورکشاپ میں سنٹرل پولیس آفس کی برانچوں کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن ، اے آئی جی لاجسٹکس، فنانس ، مانیٹرنگ ، ایڈمن ، سیکیورٹی ، لیگل ، ایس ایس پی ایڈمن اور ایس ایس پی مجاہد اور ڈولفن سکواڈ کے دفاتر سے متعلقہ سٹاف نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں پیپرا اتھارٹی سے ڈائریکٹر لیگل اینڈ مانیٹرنگ کاشف مشتاق وڑائچ، پروکیورمنٹ اینڈ ٹریننگ سپیشلسٹ علی فیصل ، پروکیورمنٹ سپیشلسٹ وسیم احمد خان ، کپیسٹی بلڈنگ ایسوسی ایٹ عمر فاروق اور ٹریننگ اینڈ ریسرچ ایسوسی ایٹ فصیحہ شاہد خواجہ نے پلاننگ و ڈویلپمنٹ سمیت دیگر اہم موضوعات پر اظہار خیال کیا اور شرکا کے سوالات کے جوابات دے کر راہنمائی فراہم کی ۔ ٹریننگ ورکشاپ کا اختتام صوبے کے تمام ڈی پی اوز کے ساتھ ہونے والی ایک ویڈیو لنک کانفرنس پر ہوا جس میں پیپرا اتھارٹی کے ٹرینرز نے مختلف موضوعات پر ڈسٹرکٹ پولیس افسران سے تبادلہ خیال کیا ۔ ورکشاپ کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد طاہر نے پیپرا اتھارٹی ٹرینرز کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اعزازی سووینئیر سے نوازا انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمے کی مختلف برانچوں کے افسران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مستقبل میں بھی ایسی ورکشاپ کا انعقاد جاری رہے گا ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سنٹرل پولیس آفس کے کپیسٹی سٹرینتھنگ سیل کے زیر اہتمام ہونے والی یہ دوسری ورکشاپ تھی ۔

مزید : علاقائی