’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کے تحت ہر گاؤں کو صاف ستھرا بنایا جائیگا: شہباز شریف

’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کے تحت ہر گاؤں کو صاف ستھرا بنایا جائیگا: ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کے امور پر پیش رفت اورلوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب کے ہر گاؤں کو صاف ستھرا بنایا جائے گااورگاؤں کو صاف ستھرا بنانے کا یہ پروگرام دیہی آبادی کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔اس پروگرام پر عملدر آمد سے دیہی آبادی کو صاف ستھرا ماحول ملے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہات میں ایک بار صفائی کے خصوصی پروگرام کا آغاز کردیاگیا ہے،اس پروگرام پر بہترین انداز میں عملدرآمدکرنیوالے پہلے تین اضلاع کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی اوربہترین کارکردگی پر بلدیاتی قیادت اورانتظامی افسران کو شاباش دی جائے گی جبکہ اچھی کارکردگی نہ دکھانے والے اضلاع کی بازپرس ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کو حتمی شکل دید ی گئی ہے اوراس پروگرام پر عملدر آمد سے دیہی آبادی کو صاف ستھرا ماحول ملے گا،اس پروگرام پر عملد رآمد کے حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی ہوگااوروضع کردہ پالیسی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ۔آپ سب نے اس پروگرام کو اپنی ملی ،سیاسی اورمذہبی ذمہ داری سمجھ کر کامیاب بنانا ہے ۔صوبائی وزراء منشاء اللہ بٹ،عائشہ غوث پاشا،مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء خواجہ احمد حسان،لارڈ مےئر لاہور،مےئر فیصل آباد، چےئر مین ضلع کونسل نارووال،چےئرمین ضلع کونسل قصور،چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت جبکہ گوجرانوالہ ،فیصل آباد ،ساہیوال،راولپنڈی،بہاولپور، سرگودھا کے چےئرمین ضلع کونسلز،مےئر زاورکمشنرزویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجااور آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ نبی پاکؐنے اپنے اسوہ حسنہ کی بدولت مختصر مدت میں پوری دنیا کو مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ نبی آخرالزماںؐ نے امن وآشتی،اخوت،احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا ۔نبی پاکؐ کا اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضوراکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے سے ظلم ،زیادتی،ناانصافی اوربدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور پاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلا کرامن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خاتم الانبیاء، محسنِ انسانیت حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت تاریخِ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ محسن انسانیت حضرت محمد ؐ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے ہیں۔ شہبازشریف سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک نے ملاقات کی ،جس میں منشیات کے خاتمے کیلئے مربوط اندا ز میں موثر اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں اوراینٹی نارکوٹکس فورس منشیات کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ناسور کے خاتمے کیلئے ہمیں مزید تیزی سے ملکر اقدامات کرنے ہیں اورمنشیات سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے سب کو ملکر جدوجہد کرنی ہے۔ شہبازشریف سے امریکی قونصل جنرل الزبتھ کینیڈی ٹرڈوؤ ے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی قونصل جنرل نے جانب سے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شاندار اقدامات پر وزیراعلی شہبازشریف کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے فلاح عامہ کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔پنجاب حکومت نے مختلف شعبوں میں بہترین اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

مزید : صفحہ آخر