ختم نبوتؐ پر زاہد حامد کیخلاف الزامات دکھ کی بات : احسن اقبال
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے اسلام آباد کے مختلف تھانو ں کا اچانک دورہ کیا اور ایک دینی مدرسے میں بھی گئے جہاں مدرسے کی انتظامیہ اور زیر تعلیم طلبہ سے ملاقات کی، تھانوں میں وزیر داخلہ نے رپورٹنگ روم کا جائزہ لیا اور روزنامچے چیک کئے، و ز یر داخلہ نے تھانوں میں موجود سائلین سے ملاقات کر کے انکے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے، وزیر داخلہ نے تھانوں میں ہنگامی بنیادوں پر کمیونٹی سنٹر کے قیام کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا شہریوں کے تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں،اسلام آباد کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے پولیس کو عوام دوست ہونا پڑے گا۔ جمعرات کو وزیر داخلہ تھانہ رمنا تھانہ سیکریٹریٹ اور تھانہ کوہسار گئے، جہاں رپورٹنگ روم کے عملے نے انہیں بریفنگ دی ، وزیر داخلہ نے تھانہ رمنا کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور سست روی پربرہمی کا بھی اظہارکیا اورکہا عمارت جلد تعمیرکی جائے پولیس عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائے ،تھانے میں آنیوالے ہر شہری کی فوری دادرسی کی جائے۔ انہوں نے تھانہ سیکرٹریٹ میں ماڈل کمیونٹی سنٹر کی تعمیر میں تاخیر پر متعلقہ افسروں کی سر زنش کی اور کہاتمام تھانے ہنگامی بنیادوں پر کمیونٹی سنٹر کا قیام عمل میں لائیں۔ بعد ازاں سیکٹرایف سکس میں واقع دینی مدرسے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا ختم نبوتؐ کے قانون میں قطعاً کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ا و ر کوئی بھی ختم نبوتؐ کے قانون میں تبدیلی کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، حافظ حمد اللہ کی نشاندہی پر زاہد حامدنے اس اعتراض کے خاتمے کی بات کی۔ زاہد حامد کیخلا ف اس قدر الزامات لگے جو دکھ کی بات ہے ، ختم نبوتؐ پر ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے، دشمن کی کوشش ہے مذہبی افراتفری پھیلا کر ملک کو نقصان پہنچائے۔
احسن اقبال