ترکی،بازیاب 57پاکستانی پولیس کی تحویل میں،قونصلر رسائی نہ مل سکی

ترکی،بازیاب 57پاکستانی پولیس کی تحویل میں،قونصلر رسائی نہ مل سکی

انقرہ(این این آئی)ترکی میں انسانی سمگلروں کی قید سے آزاد کرائے گئے ستاون غیرقانونی پاکستانی تارکین وطن اب ترک پولیس کی تحویل میں ہیں۔انقرہ میں پاکستانی سفارتی حکام نے جرمن ریڈیو کوبتایا فی الحال ان افراد کو پولیس نے ایک فٹبال اسٹیڈیم سے ملحق کمروں میں رکھا ہے، پولیس کی چھان بین مکمل ہونے کے بعد ان افراد کو پاکستانی قونصلر تک رسائی دی جائے گی۔ استنبول میں پاکستانی قونصلیٹ کا عملہ ان افراد کے کوائف کی تصدیق کرے گا، جس کے بعد انہیں پاکستان واپس بھجوایا جا ئے گا۔ اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے ایک پا کستا نی اہلکار کا کہنا تھا پاکستانی امیگریشن قانون کے مطابق کوئی بھی ایسا شخص جو اپنی پاکستانی شہریت ثابت نہ کر سکے وہ غیر قانونی طور پر ملک میں داخل نہیں ہو سکتا۔ غیر قانونی تارکین وطن کی اکثریت پاکستانی پاسپورٹ اور دیگر شناختی دستاویزات اپنے ہمراہ نہیں رکھتی، اسلئے ان کی شہر یت کی تصدیق کا عمل ان کی فراہم کی گئی معلومات کے مطابق کیا جاتا ہے، جو بعض مرتبہ خاصہ وقت طلب ہوتا ہے۔

مزید : علاقائی