بحران ٹل گیا‘ شوگر ملز کو 15 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت
ملتان(جنرل رپورٹر) شوگرملوں کو 15 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مل گئی گنے کے کاشتکاروں کو ممکنہ طور پر اربوں روپے کا نقصان اور گنے کا ممکنہ تاریخ ساز بحران رونما ہونے کا خطرہ ٹل گیا ۔ذرائع کے مطابق شوگر ملوں کو چینی کی سبسڈی کی سہولت کے ساتھ برآمدات کے لئے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ وہ آج سے ہی بہرصورت کرشنگ کا آغاز کر دیں اور ساتھ ہی گنے کی خریداری کی مد میں بروقت(بقیہ نمبر40صفحہ12پر )
ادائیگیاں کردیں بصورت دیگر انھیں برآمدات پر دی جانیوالی زرتلافی سے محروم کر دیا جائیگا جبکہ حکومت کی جانب سے 14 ستمبر کو منظور کردہ 10 روپے 70 پیسے فی کلو گرام فریٹ سبسڈی پر شوگرملوں کو چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں چینی کی برآمد پر پابندی مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کرنے کی تجویز زیر غور‘سمری مشترکہ مفادات کونسل کو ارسال کردی گئی ہے زرائع کے مطابق وزارت تجارت وٹیکسٹائل کی جانب سے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کرنے کے حوالے سے سمری مشترکہ مفادات کونسل کو بھجوا ئی گئی ہے اور کونسل کے آئندہ اجلاس میں اس سمری کی منظوری کا امکان ہے۔وزارت تجارت کی سمری کے مطابق ملک میں مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور گزشتہ چند سال سے ملک میں چینی کی پیداوار سرپلس رہی ہے اسی لیے چینی کی برآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پہلے سے موجود چینی کی برآمد کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے۔