وزیر اعلیٰ کا نوشہرہ ڈسٹرکٹ کونسل سپورٹس فنڈز کی خرد برد کی فوری تحقیقات کا حکم
پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نوشہرہ میں ڈسٹرکٹ کونسل سپورٹس فنڈز کی مبینہ خردبرد سے متعلق شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین صوبائی انسپکشن ٹیم کو اس کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اور ضلع ناظم نوشہرہ کو مختلف ذرائع سے شکایت ملی تھی کہ ڈسٹرکٹ سپورٹس فنڈ سے مبینہ طور پر کچھ رقم ضلع ناظم نوشہرہ کے جعلی دستخطوں سے نکالی گئی ہے جس پر وزیراعلیٰ نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو ہدایت کی کہ اس کی تحقیقات کر کے معلوم کیا جائے کہ ضلع ناظم نوشہرہ کے جعلی دستخط کس نے کئے ، اس جعلسازی سے قومی خزانے کو کتنا نقصان پہنچایا گیا اورفنڈ سے نکالی گئی یہ رقم کس مقصد کیلئے استعمال کی گئی وزیراعلیٰ نے انکوائری جلد ازجلد مکمل اور ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ اگلے دو روز میں انہیں پیش کرنے کی ہدایت کی۔