کوہاٹ ،بازار میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز

کوہاٹ ،بازار میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز

پشاور( سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا جیل روڈ اور تیراہ بازار کوہاٹ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ، قبضے میں لئے گئے کھانے پینے کی اشیاء سویٹ ہوم کے کے حوالے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ نجیب اللہ نے تحصیلدار اعظم خان کے ہمراہ جمعرات کے روز جیل روڈ اور تیراہ بازار کوہاٹ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے سبزی، فروٹ اورکھانے پینے کی دیگر اشیاء قبضے میں لے کر پاکستان بیت المال کے سویٹ ہوم کے یتیم بچوں کے حوالے کیں اور مختلف دکانداروں کو نوٹس جاری کرکے انہیں ان کی عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔انہوں نے متنبہ کیا کہ تجاوزات کے سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں ہوگی اور تجاوز کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے ٹی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ فوری طورپر جیل روڈ پر خاردار تار لگائیں اور وہاں پرموٹر سائیکلز کے لئے باقاعدہ پارکنگ بنائیں۔ سویٹ ہوم کے انچارج کو قبضے میں لی گئی کھانے پینے کی اشیاء حوالہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ نجیب نے کہاکہ یہ یتیم بچے اس کے زیادہ مستحق ہیں اور کوہاٹ کے مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ ان نادار اور یتیم بچوں کی بہترین کفالت اور پرورش میں سویٹ ہوم کے ساتھ ہر قسم کی مالی امدا د کریں کیونکہ یہی ہماری دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس اہم ادارے کی معاونت کے لئے پوری پوری کوشش کریں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ دوبارہ سویٹ ہوم کا تفصیلی دورہ کریں گے اور یتیم بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کے ساتھ وقت گزاریں گے۔انہیں بتایا گیا کہ سویٹ ہوم میں 100بچے زیر تعلیم ہیں جہاں ان کے اور انہیں مفت رہائش اور کھانے پینے کا انتظام موجودہے۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے لوگ ان کے ساتھ اپنی بساط کے مطابق بھرپور تعاون کرتے ہیں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر