ترقیاتی فنڈز شفاف طریقے سے خرچ کرینگے ،منتظر خان

ترقیاتی فنڈز شفاف طریقے سے خرچ کرینگے ،منتظر خان

چارسدہ(بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر منتظر خان نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا ہے کہ ترقیاتی فنڈ کو شفاف طریقے سے عوام کے فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خرچ کریں ۔ضلعی انتظامیہ بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رکھیں گی ۔ بلدیاتی نظام کا بنیادی مقصد ہی عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے ۔ وہ چارسدہ کے ضلعی اسمبلی ہال میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی جانب سے منعقدہ تعارفی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر نائب ناظم اعلی مصور شاہ خان اسسٹنٹ ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ اختر منیر خان ،تینوں تحصیلوں کے سپروائزروں سمیت ضلع بھر کے ویلج کونسل ناظمین موجود تھے۔ تعارفی اجلاس میں بلدیاتی نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کو مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منتظر خان نائب ناظم علیٰ مصور شاہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اختر منیر نے کہاکہ بلدیاتی نظام کا بنیادی مقصد احتیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرکے عوامی مسائل کو عوام کے دہلیز پر حل کرنا ہے۔اس لئے تمام ناظمین اپنی تمام تر توانائی عوامی امنگوں پر پورا اترنے اور عوامی خدمت میں صرف کرے ۔انہوں نے کہاکہ منتخب بلدیاتی نمائندے ضلع چارسدہ کے تعمیرو ترقی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ حکومت کی جانب سے عوام کے تعمیر و ترقی کے لئے مختص فنڈ عوام کے فلاح وبہبود پر شفاف انداز میں خرچ کیا جاسکے ۔انہوں نے خیبر پختون خواکے بلدیاتی نظام کو عوام کے لئے حکومت کی جانب سے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختون خوا کا بلدیاتی نظام دیگر صوبوں سے کافی حد تک بہتر ہے کیونکہ اس نظام کے تحت بلدیاتی نمائندوں کو اب تک اربوں روپے کے فنڈ جاری کئے گئے ہیں جس سے ترقیاتی کا موں میں مزید اضافہ ہواہے۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ویلج کونسل ناظمین ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن اور مختلف شاہراؤں پر قائم غیر قانونی سپیڈ بریکرز کے خلاف جاری آپریشن میں تعاون کریں تاکہ ہر صورت سرکاری املاک کو قابضین سے واگزار کیا جاسکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ویلج کونسل ناظمین کے تربیت کے لئے تین ورزہ ورکشاپ کا اہتمام کرنے سمیت ناظمین کے دیگر مسائل کو KAPRAاصولوں کے عین مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر