کشمیر بھر میں آج عیدمیلاد النبی ؐ عقیدت واحترام کیساتھ منائی جائیگی

کشمیر بھر میں آج عیدمیلاد النبی ؐ عقیدت واحترام کیساتھ منائی جائیگی

مظفرآباد(بیورورپورٹ)جس سہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند‘اس دل افروز ساعت پہ لاکھوں سلام ،آمد مصطفی ‘ مرحبا مرحبا، جشن عید میلاد النبی ﷺدنیابھر کی طرح آزاد و دمقبوضہ کشمیر میں آج مذہبی جوش و جذبہ اور انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔شہرو دیہات بقعہ نور بن گئے‘ہر طرف سے درودوسلام کی روح پرورصدائیں بلند، دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام حسب سابق جشن عیدمیلادالنبیﷺ کاعظیم الشان جلوس صدسالہ قدیمی روائت کے مطابق جامع مسجد سلطانی سے نکالا جائے گا ۔تمام اضلاع کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں میلادالنبیﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے جن میں عاشقان مصطفیﷺ کی بڑی تعدا د شرکت کرے گی۔ 12ربیع الاول کے مبارک موقع پر دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ پاک فوج کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں31جبکہ دارالحکومت مظفر آباد سمیت صوبائی دارلحکومتوں میں21,21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ تمام سرکاری عمارات پر سبز ہلالی پرچم لہرائے جائیں گے۔آزادکشمیرمیں پرچم کشائی کی سب سے بڑی تقریب حسب سابق مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی عیدگاہ میں بعد نماز فجر منعقد کی جائے گی جہاں شہری دفاع کا دستہ سلامی پیش کرے گا۔مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضا کے مطابق تمام سرکاری عمارات، بازاروں، گھروں پر چراغاں مکمل کرلیا گیا ہے۔ مساجد اور مدارس میں درود و سلام کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔میلاالنبیﷺ جلوس کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے ہیں جبکہ مرکزی سیرت کمیٹی کا سیکیورٹی سکواڈ بھی پوری طرح چوکس رہے گا۔ مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام حسب روایت میلاد النبیﷺ کے مرکزی جلوس کا آغاز ہوگا۔ میلاد النبیﷺ کا جلوس تاریخی جامع مسجد سلطانی مسجد سے شروع ہوکرروئتی راستوں سے ہوتا ہوا میلادچوک اپر اڈہ میں اختتام پذیر ہو کر قومی سیرت کانفرنس میں شامل ہوگا۔ جلوس کی قیادت مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزادہ محمد سلیم چشتی، صاحبزادہ جاوید منان، پیر میاں محمد شفیع جھاگوی، مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمد کیانی سمیت دیگر مشائخ و علماء کرام کریں گے جبکہ جلوس میلادالنبیﷺ میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی شرکت بھی متوقع ہے۔ جلوس میلادالنبیﷺ کا شہر کے مختلف علاقوں میں شاندار استقبال کیا جائے گا۔ جلوس میں ہزارون عاشقان رسول سمیت مختلف تعلیمی اداروں ،مدارس کے طلباء سمیت سول ڈیفنس،ریڈکریسنٹ سوسائٹی،بم دسپوزل سکواڈ،ریسکیو1122،فائربرگیڈ،میونسپل کارپوریشن،پی ڈبلیوڈی،المصطفیٰ موبائل میڈیکل یونٹ سمیت دیگراداروں کے رضاکار جلوس میلادکے ہمراہ رہیں گے۔جلوس کے اختتام پرمیلادچوک اپراڈہ میں قومی سیرت کانفرنس کا انعقادکیاجائے گا جس میں صدر ریاست سردارمحمدمسعودخان ، عالمی مبلغ اسلام، معروف سکالر علامہ تنویرالحسن مصطفائی ، صدر مرکزی سیرت کمیٹی صاحبزادہ محمدسلیم چشتی سمیت دیگر علماء کرام خطاب کریں گے اور معروف نعت خواں حضرات دربار رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ قومی سیرت کانفرنس کے سلسلہ میں مرکزی سیرت کمیٹی نے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر