مسلمانوں کی کامیابی کا راز سنت نبوی کی پیروی میں ہے،شاہ غلام قادر
مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آج 12ربیع الاول کا عظیم دن ہے ۔ محسن انسانیت ﷺکی ولادت باسعادت کے طفیل اس دن کو عظمت حاصل ہوئی۔ مسلمانوں کی کامیابی کا راز قرآن پاک کی تعلیمات اور حضرت محمد ﷺ کی سنت کی پیروی میں مضمر ہے۔ آج اسلامی معاشرہ کے زوال کی بنیادی وجہ ہی تعلیمات قُرآن پاک و اتباع رسول سے دُوری ہے۔ آج کے دن ہمیں اس بات کا بنظر عمیق جائزہ لینا چاہےئے کہ کیا ہمارے معمولات زندگی قُرآن و حدیث کے تابع ہیں کہ نہیں یعنی آج کا دن خود احتسابی کا دن ہے۔ اپنی تہذیب و ثقافت اور مذہب سے نوجوان نسل دن بدن دُور ہو رہی ہے۔ ان حالات میں والدین، اساتذہ ، عُلمائے کرام سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہونگی۔ آج بھی اگر ہم بہتری کر سکے تو مستقبل قریب میں اُمت مسلمہ پھر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر لے گی۔ حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ ہمارے لےئے بہترین نمونہ ہے۔ جب ہماری انفرادی زندگیاں قُران و سنت کے تابع ہونگی تو یہ انفرادیت اجتماعیت میں تبدیل ہو کر صحیح معنوں میں ایک اسلامی ریاست کا رُوپ دھار لے گی جس میں اجتماعی فلاح و بہبود یقینی امر ہے۔