جشن آمد رسول ﷺ ، ملک بھر کے در و دیوار درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھے ،عید میلاد کے جلوس پوری شان و شوکت کے ساتھ اختتام پذیر

جشن آمد رسول ﷺ ، ملک بھر کے در و دیوار درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھے ...
جشن آمد رسول ﷺ ، ملک بھر کے در و دیوار درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھے ،عید میلاد کے جلوس پوری شان و شوکت کے ساتھ اختتام پذیر

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) خاتم النبیین، سید المرسلین، رحمت اللعالمین، سرکار دوعالم، فخر موجودات، سرورکائنات اورآقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن ملک بھرمیں عقیدت و احترام اورمذہبی جوش وخروش سے منایاگیا،اس سلسلے میں ملک بھر میں محافل میلاد، جلوس، ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا ، سارا دن ملک بھر میں درود وسلام اور نعت ہائے رسول مقبول ﷺ کی پرسوز آواز یں گونجتی رہیں،عاشقان رسول نے مسجدوں ، گھروں ، سرکاری عمارتوں کو قمقموں سے سجارکھاتھا جبکہ بچے ، بوڑھے ، مردوزن سبھی نبی مہربان ﷺ کے یوم ولادت کو منانے میں بڑھ چڑھ کر شریک رہے۔

پشاور زرعی ڈائر یکٹوریٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ،9افراد شہید ،34زخمی ،پاک فوج نے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

تفصیلات کے مطابق جشن عید میلاد النبی صل اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 اکیس توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔ملک بھر تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیاءسے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔

اسلام آباد جناح اسپورٹس کمپلیکس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس دوران علمائے کرام نے نبی مہربان ﷺ کی سیرت پر خصوصی لیکچرز دئیے اور ملک کی سلامتی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں، سرکاری سطح پر منعقد مقابلہ حسن نعت ﷺ اور سیرت کے موضوع پر مضمون نویسی کے مقابلوں کے نتائج کا اعلان بھی کیاگیا۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے افراد کو نقد انعامات سے بھی نوازہ گیا۔

کراچی میں دن کا آغاز 21توپوںکی سلامی سے کیا گیا جبکہ مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہر کے مختلف حصوں میں ہونے والی تقاریب میں علمائے کرام سیرت و اسوہ رسول ﷺ پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خواں حضرات نے نبی مہربان ﷺ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ ایم اے جناح روڈ پر مرکزی جماعت اہلسنت کا جلوس منعقد کیا گیا جو نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوا ، اس جلوس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی شریک ہوئے ، ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں سنی تحریک کے مرکز سے شروع ہونے والا جلوس نمائش چورنگی پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جبکہ جلوس کے اختتام پر ایک جلسہ بھی منعقد کیا۔

لاہور میں دن کا آغاز21توپوں کی سلامی سے ہوا ، اس دوران داتا دربار پر دعوت اسلامی کی جانب سے ریلی نکالی گئی جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا ءپرمحفل میلاد منعقد کی گئی ، اس محفل میلاد میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف، کیپٹن(ر) محمد صفدر سمیت سیاسی رہنماﺅں اور علمائے کرام کی کثیر تعداد نے شرکت، لاہور شہر کے علاقوں ساندہ ، بھاٹی گیٹ، اندرون شہر اور اچھرہ کے مارکیٹوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا ۔ بچوں نے روضہ رسول ﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز بنائے جبکہ بازاروں اور گلی محلوں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

راولپنڈی شہر میں میلاد کے 2 بڑے جلوس شہراورکینٹ سے نکالے گئے جب کہ ملک بھرمیں پولیس اورانتظامیہ نے بھی جلوسوں اور دیگرتقاریب کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوسوں کے روٹس میں اسلحہ رکھنے، لہرانے، ہوائی فائرنگ، ڈھول باجے، ساز بجانے ہیوی گاڑیوں کے داخلے پرپابندی عائد رہی۔ جلوس کے راستوں میں دودھ، مشروب، چائے، قہوہ، چاول، نان روٹی کی سبیلیں اور لنگرکے اسٹال بھی لگائے گئے۔

کوئٹہ میں ایک روزکے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی تھی جبکہ موبائل سروس بندتھی جو کہ اب کھول دی گئی۔شہر میں کئی علمائے کرام کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جبکہ اہم تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔

مظفرآباد میں مرکزی جلوس عیدگاہ روڈ سے نکالا گیا جو سہیلی سرکار دربار پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، اس دوران دربار پر منعقدہ تقریب میں علمائے کرام نے سیرت نبوی ﷺ پر روشنی ڈالی اور ملک کی سلامتی و کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

ننکانہ صاحب میں سکھ کمیونٹی کی جانب سے بھی میلاد النبی ﷺ کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی ، جبکہ شہر کے مختلف حصوں میں سبیلیں لگا کر دودھ اور شربت کے ذریعے مسلمانوں کی تواضع بھی کی گئی۔ 

ؒڈیلی پاکستان کا یو ٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کے لیے یہاں کلک کریں

مزید : قومی /اہم خبریں