شہزادہ ہیری کی شادی نے چند ماہ میں ہی برطانوی شاہی خاندان میں بڑی دراڑ ڈال دی

شہزادہ ہیری کی شادی نے چند ماہ میں ہی برطانوی شاہی خاندان میں بڑی دراڑ ڈال دی
شہزادہ ہیری کی شادی نے چند ماہ میں ہی برطانوی شاہی خاندان میں بڑی دراڑ ڈال دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی شاہی خاندان کی تاریخ میں میگھن مارکل دوسری طلاق یافتہ امریکی خاتون ہیں جو کسی شہزادے سے شادی کرکے شاہی خاندان کا حصہ بنیں اوراس شادی نے بھی پہلی امریکی خاتون ویلس سمپسن کی شادی کی طرح چند ماہ میں ہی برطانوی شاہی خاندان میں بڑی دراڑ ڈال دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق شاہی خاندان کے اندرونی ذرائع نے بتایا ہے کہ شہزادی کیٹ اور میگھن مارکل کی آپس میں نہیں بن پا رہی اور دونوں کی ناچاقی کی وجہ سے شہزادہ ہیری اپنے بھائی شہزادہ ولیم کو چھوڑ کر الگ منتقل ہونے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ میگھن مارکل کو ویلس سمپسن کے ساتھ تشبیہ دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن شادی کے بعد سے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کے ساتھ کینسنگٹن محل میں رہ رہے تھے لیکن اب شہزادہ ہیری وہاں سے فراگ مور منتقل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میگھن مارکل اور شہزادی کیٹ دونوں کا مزاج یکسر مختلف ہے۔ شہزادی کیٹ بہت محتاط رہتی ہیں اور خود کو عوام میں بہت محدود رکھتی ہیں جبکہ میگھن مارکل نمودونمائش کرنے والی سابق اداکارہ ہے۔ شہزادی کیٹ کو معلوم ہے کہ وہ برطانیہ کی اگلی ملکہ بننے جا رہی ہیں چنانچہ وہ اس احساس کی وجہ سے بہت محتاط رہتی ہیں لیکن میگھن مارکل مائیکروفون پر خواتین کے حقوق کے متعلق بولنے میں خود کو آرام دہ محسوس کرتی ہے اور وہ شاہی ادب آداب اپنانے میں ناکام رہی ہے۔ذرائع کے مطابق میگھن مارکل کا کہنا ہے کہ انہیں کینسنگٹن پیلس میں پرائیویسی دستیاب نہیں اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کا بچہ ایسے ماحول میں پیدا ہو اور پرورش پائے۔
آج سے 80سال پہلے بھی شاہی خاندان کو بالکل اسی صورتحال کا سامنا تھا۔ تب ایڈورڈ ہشتم نے اپنی امریکی بیوی ویلس سمپسن کی وجہ سے اپنے بھائی جارج ہفتم کے ساتھ یہی کچھ کیا تھا جو ہیری شہزادہ ولیم کے ساتھ کرنے جا رہے ہیں۔ ایڈورڈ ہشتم نے بھی پہلے سے طلاق یافتہ امریکی خاتون ویلس سمپسن کے ساتھ شادی کی تھی اور ویلس سمپسن کی جارج ہفتم کی اہلیہ الزبتھ کے ساتھ نہیں بن پائی اور اس نے ایڈورہشتم کو اپنے بھائی سے الگ ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔ایڈورڈ ہشتم اور ویلس سمپسن بھی جارج ہفتم اور شہزادی الزبتھ کو چھوڑ کر فراگ مور ہی منتقل ہوئے تھے اور ان دونوں کی قبریں بھی وہیں موجود ہیں۔آج شہزادی کیٹ کی طرح شہزادی الزبتھ بھی بہت سگھڑ اور شاہی قرینوں سے بخوبی آشنا خاتون تھیں جو بعد ازاں ملکہ بھی بنیں اور ’کوئین الزبتھ، دی کوئین مدر‘ کے لقب سے شہرت پائی۔

مزید :

برطانیہ -