حکومت بند صنعتوں کی بحالی کی طرف توجہ دے:شیخ عبدالمنان
لاہور (سٹی رپورٹر)ٹیکسٹائل ٹریڈرز ایسوسی ایشن رجسٹرڈ لاہور کے مرکزی چیئرمین شیخ عبدالمنان نے کہا ہے کہ حکومت بند صنعتوں کی بحالی کی طرف توجہ دے،گیس اور بجلی بھی سستی مہیا کرے،وزیر اعظم نے صنعتوں کی بحالی کے لئے جو احکامات دیئے ہیں ان پر فوری طور پر عمل کیا جائے کیونکہ صنعتیں کسی بھی ملک کی ترقی میں بنیادی کردار اداکرتی ہیں، یہ نہ صرف ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں اضافے کا باعث بنتی ہیں بلکہ اسکی پیداوار کو برآمد کرکے ملک کو قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہوتا ہے۔
، کس قدر افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں صنعتی شعبہ مسلسل بحران کا شکار چلا آرہاہے، صنعتوں کا پہیہ رک سا گیا گیا ہے اور چمنیوں کا دھواں بھی تھم چکا ہے، جسکی وجہ سے ہزاروں صنعتی یونٹس بند ہوچکے ہیں جن میں بڑے،درمیانے اور چھوٹے درجے کے صنعتی ادارے شامل ہیں، اس بحران کی وجہ سے ہماری مجموعی قومی پیداوار میں مسلسل کمی ہورہی ہے جبکہ بیروزگاری میں بھی اضافہ ہورہاہے جس پر حکومت کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔