شوبز انڈسٹر ی میں سٹیج ڈرا مے کا ایک خاص مقام ہے،منورسعید

شوبز انڈسٹر ی میں سٹیج ڈرا مے کا ایک خاص مقام ہے،منورسعید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر) پاکستان کے معروف سینئر اداکار منور سعید نے کہا ہے کہ معروف ڈائریکٹر، پروڈیوسر زاہد شاہ کی سٹیج بچاؤ مہم سٹیج فنکاروں کی بقاء کیلئے ہے، زاہد شاہ جیسے لوگ سٹیج ڈرامہ انڈسٹری کا اثاثہ ہیں جنہوں نے سٹیج کی ترقی و بہتری کے لئے اپنی ساری زندگی صرف کردی، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سٹیج کو ان دنوں میں رونقیں دیں جب کوئی حالات کی سنگینی کی وجہ سے گھروں سے باہر نہیں نکلتا تھا، لیکن آج ایک روزہ ڈرامہ بنانے والوں نے سٹیج کو مشکلات میں مبتلا کر دیا، ون ڈے ڈرامہ کی وجہ سے اسٹیج انڈسٹری زوال پذیر ہورہی ہے، ون ڈے ڈرامہ اسٹیج فنکار کا معاشی قتل کے مترادف ہے، ایک دن میں کچھ گھنٹے کام کرنے کے بعد فنکار کو جو معاوضہ ملتا ہے اس سے وہ اپنے گھر کے اخراجات پورے نہیں کر سکتا شوبز انڈسٹر ی میں سٹیج ڈرامہ اپنا ایک خاص مقا م رکھتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیج ڈرامہ سے وابستہ افراد سے ملاقات کے دوران کیا۔
منور سعید نے کہا کہ ڈائریکٹر و پروڈیوسر زاہد شاہ نے جس مہم کا آغاز کیا ہے وہ سٹیج ڈرامے سے وابستہ فنکاروں سمیت ہر اس انسان کی بقاء کی جنگ ہے جو کسی نہ کسی طرح اس شعبے سے جڑے ہوئے ہیں زاہد شاہ نے جو قدم اٹھا یا ہے اس کے لئے سٹیج کے فنکاروں اور صاف ستھرا کا م کرنے والے تمام ڈائریکٹروں، پروڈیوسروں اور را ئٹرز کو آگے آنا چاہیے اور اس مہم کو کامیاب کرنا چاہیے-
تا کہ سٹیج ڈرامہ انڈسٹری کے حالات میں بہتری آئے کیونکہ کوئی بھی سٹیج ڈرامہ اگر ایک ہفتے تک سٹیج پر چلایا جاتا ہے تو اس سے جہاں شائقین کی ایک بڑی تعداد ڈرامہ دیکھ کر لطف اندوز ہوتی ہے وہیں فنکار کو بھی پرفارمنس کا زیادہ موقع ملتا ہے جس سے اس کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے اور اس فنکار کو معاوضہ بھی زیادہ ملتا ہے جس سے وہ اپنے گھریلو اخراجات کو باآسانی برداشت کر سکتا ہے، منور سعید کا کہنا تھا کہ آج کل کچھ نئے لوگ سٹیج پر ایک دن کا ڈرامہ بنا رہے ہیں جس سے فنکار کا معاشی قتل ہورہا ہے اورفنکار سٹیج سے دور ہوتے جارہے ہیں، ہمارے ملک پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور سٹیج ڈرامے سے سیکھ کر اور نکھر کر آنے والے فنکار کے کام کو ہر سطح پر پذیرائی حاصل ہوتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں سٹیج ڈراموں کے شائقین بڑی تعداد میں موجود ہیں جن میں فیملیز بھی شامل ہیں اگر معیاری کام اورصاف ستھرے ڈرامے نہیں بنیں گے تو فیملیز سٹیج کی طرف آنا چھوڑ دیں گی جس سے انڈسٹری کو شدید نقصان ہوگا اور اس فیلڈ سے وابستہ لوگوں کے شدید مالی مشکلا ت کا شکار ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

مزید :

کلچر -