پولیس میں بہتری کے لئے تعلیم پر فوکس کرنا ہو گا،اعجاز عالم

  پولیس میں بہتری کے لئے تعلیم پر فوکس کرنا ہو گا،اعجاز عالم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر)پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے لیکن بدعنوانی اورکرپشن جیسے ناسور کا خاتمہ یقینی بنانے کے ساتھ پولیس کو چاہئے کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران عوام کے ساتھ شائستہ سلوک کو اپنائیں اور لوگوں کی خدمت کے دوران لوگوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بناکر محکمہ کے وقار کو بڑھا ئیں۔ پولیس ریفارمز میں تعلیم کے ذریعے بہتری لائی جا سکتی ہے اور اس کیلئے پولیس ٹریننگ سینٹرز عمدہ کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ پنجا ب حکومت کی جانب سے پولیس ٹریننگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے نئے خصوصی اداروں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ جدید اقدامات کی بدولت افسران اور اہلکاروں کی اہلیت اور صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے چوہنگ پولیس سنٹر، لاہور میں محکمہ انسانی حقوق اور اقلیتی امور کی جانب سے پولیس کے دوستانہ کردار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز سیکرٹری انسانی حقوق طارق محمود نے کیاتھا جبکہ تربیتی ورکشاپ میں انسپکٹر اور سب انسپکٹرز پرمشتمل 30 سے زائد پولیس عہدیداران نے شرکت کی۔ مسٹر شاہنواز خان (ریجنل کوآرڈینیٹر ایس پی او لاہور)، محمد خالد (ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان) نے بھی مختلف سیشنز میں خصوصی شرکت کی۔تربیتی اجلاس میں ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف،ایس پی ایڈمن چوہنگ پولیس سنٹر مسٹر فرحت عباس، افسران اور پولیس عہدیداران نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اعجاز عالم