صنعتی شعبہ کیلئے شناختی کارڈ شرط ملتوی کرنے پر شکر گزار ہیں،کریم عزیز 

صنعتی شعبہ کیلئے شناختی کارڈ شرط ملتوی کرنے پر شکر گزار ہیں،کریم عزیز 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد(آن لائن)پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین کریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط کی وجہ سے آئرن اینڈ سٹیل انڈسٹری کا کاروبار چالیس فیصد تک کم ہو گیا ہے جبکہ بہت سے یونٹ بند ہو گئے ہیں جس سے روزگار اور محاصل پر اثرات پڑ رہے ہیں۔چند دن قبل وزیر اعظم عمران خان نے کنونشن سینٹر میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے تاجروں کی طرح صنعتی شعبہ کے لئے شناختی کارڈ کی شرط ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر صنعتکاروں نے سکھ کا سانس لیا مگر اس اعلان پر عمل درامد نہیں ہو رہا۔ کریم عزیز ملک جوایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدربھی ہیں نیکہا کہ وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق نوٹیفیکیشن جاری کرنے میں تاخیر نہ کی جائے تاکہ کاروباری برادری سکھ کا سانس لے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک سو ساٹھ سے زیادہ سٹیل ری رولنگ ملزہیں جو لاکھوں افراد کو روزگار اور حکومت کو اربوں روپے محاصل کی مد میں ادا کر رہی ہیں۔اس شعبہ کے مسائل حل کئے جائیں اور اسے مراعات دی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری حالات سازگار نہیں ہیں جبکہ اقتصادی سست روی اور میگا پراجیکٹس نہ ہونے کی وجہ سے طلب میں کمی آ چکی ہے مقامی سٹیل ری رولنگ ملز کے لئے خطرہ ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔انھوں نے کہا کہ ہم ایف بی آر کی جانب سے معیشت کی دستاویز بندی کی مکمل اور بھرپور حمایت کرتے ہیں کیونکہ لوگ ٹیکس نہیں دینگے تو ملک کیسے چلے گا۔ انھوں نے کہا کہ سٹیل اور اسکی مصنوعات کی سمگلنگ نہیں ہونہ چائیے۔ کریم عزیز ملک نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں لائن لاسز بڑھتے جا رہے ہیں۔
جس کا حل قیمت بڑھانا نہیں ہے بلکہ نقصانات پر قابو پانا ہے کیونکہ بار بار قیمت بڑھانے سے عوام پر بوجھ بڑھ جاتا ہے جبکہ پیداواری لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔

مزید :

کامرس -